5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں اہم اقدامات اٹھائے،اوباما
جنگ نیوز -
واشنگٹن…اوباما حکومت نے کہا ہے کہ پاکستان نے گذشتہ ایک سال کے دوران دہشتگردی کیخلاف جنگ میں اہم اسٹرٹیجک اقدامات اٹھائے ہیں۔امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے ترجمان نے نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ ایک سال میں پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں قربانیوں کے باوجود جارحانہ اقدامات اٹھائے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام خود دہشتگردی کا شکار ہیں،تاہم ابھی مزید بہت کچھ کرنا باقی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کہ پاکستان اور امریکا مجموعی طور پر خطے میں دہشتگردوں کیلئے محفوظ مقامات کو ختم اور مزید بننے سے روکنا چاہتا ہے تاکہ پوری دنیا میں خاص طور پر امریکا یورپ اور دیگر ممالک تک دہشتگردی نہ پہنچ پائے۔ برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون کے پاکستان کے حوالے سے بھارت میں دیئے گئے بیان کے بارے میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ امریکا پاکستان سے یا کسی بھی ملک سے دہشتگردی کی برآمد برداشت نہیں کرے گا۔امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے تر جمان نے کہا کہ امریکا نے ہمیشہ پاکستان اور افغانستان کے سرحدی علاقوں میں دہشتگردوں کی موجودگی پر تشویش کا اظہار کیا ہے جس سے پاک افغانستان کو بھی شدید خطرہ ہے۔