5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
فربہی سے نجات کے لیے جرمنی میں ’موٹاپا ٹیکس‘ لگانے پر غور
جنگ نیوز -
برلن…سینٹرل مانیٹرنگ…ترقی پذیر ملکوں کو صحت کے سنگین مسائل کا سامنا تو ہے ہی لیکن ترقی یافتہ ممالک بھی اس سے مُبرّا نہیں۔ ترقی یافتہ ملکوں میں انسانی صحت کو درپیش مسائل میں سے ایک سنگین مسئلہ”موٹاپا“ بھی ہے یہی وجہ ہے کہ جرمنی میں اس پر قابو پانے کے لیے انتہائی حیرت انگیز قدم اٹھانے پر غور کیا جارہا ہے۔جرمن پارلیمنٹ کے ایک کنزرویٹو رکن نے تجویز پیش کی ہے کہ جرمنی میں موٹاپے پر قابو پانے کے لیے ’Fat Tax‘ لگادیا جائے ۔رکن کا اصرار تھا کہ جرمنی کے موٹے لوگوں کو ”موٹاپا ٹیکس“ لازماً ادا کرنا چاہیے تاکہ ہیلتھ کیئر سیکٹر پر آنے والے کثیر اخراجات پر قابو پایا جاسکے۔رکن کے مطابق صرف موٹے افراد ہی نہیں بلکہ غیر صحت مند اشیاء خریدنے والوں کو بھی ٹیکس ادا کرنا چاہیے۔واضح رہے کہ جرمنی میں موٹاپے کا شکار افراد کے علاج پر سالانہ16ارب پاؤنڈ خرچ کیے جاتے ہیں اور صحت کے شعبے میں بڑھتے ہوئے اخراجات نے جرمنی کو سنگین مالیاتی خسارے سے دوچار کردیا ہے۔