تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44

پاکستان نے جنگ میں سب سے زیادہ قربانیاں دیں،حسین حقانی

جنگ نیوز -
واشنگٹن ... امریکا میں پاکستان کے سفیر حسین حقانی نے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز اور انٹیلے جنس ایجنسیاں پاکستانی شدت پسندوں کے ساتھ ساتھ افغان طالبان کے خلاف بھی موثر انداز میں کاررائیاں کررہی ہیں۔ افغانستان کے بارے میں وہی خواہش رکھتے ہیں جو پاکستان کیلئے ہے۔ واشنگٹن میں سی این این کو انٹرویو میں حسین حقانی کا کہنا تھا کہ وکی لیکس کی جاری کردہ خفیہ دستاویزات درپیش صورت حال کی عکاسی نہیں کرتیں۔ جس کا اعتراف خود صدر باراک اوباما، امریکی افواج کے سربراہ ایڈمرل مائیک مولن اور قومی سلامتی کے مشیر جیمز جونز بھی کرچکے ہیں۔ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی سویلین،عسکری اور انٹیلے جنس قیادت ایک ہی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ پاکستان نے اس جنگ میں سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں۔ اور سب سے زیادہ حملے سہے ہیں۔ جن میں سینئر افسران سمیت سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں اور عام شہریوں کی بڑی تعداد نے اپنی جانیں گنوائیں۔ آئی ایس آئی کے چوہتر اہلکار شہید ہوچکے ہیں جبکہ ڈھائی سو زخمی ہوئے۔ انھوں نے واضح کیا کہ طالبان کے پاکستان اور افغانستان پر وژن کی حمایت کرتے ہیں اور نہ ہی حوصلہ افزائی۔ پاکستان کی کوشش ہے کہ اکیسویں صدی میں ایک جدید مسلم جمہوری ملک کی حیثیت سے آگے بڑھے۔ اسی لیے افغانستان کیلئے ایسی کوئی خواہش نہیں رکھتے جو خود پاکستان کیلئے نہ ہو۔ حقانی نے کہا کہ قبائلی علاقوں کو پاکستانی شدت پسندوں سمیت افغانستان اور دنیا بھر کے دہشت گردوں کی پناہ گاہ بننے نہیں دیں گے۔ شمالی وزیرستان میں عسکریت پسندوں کے خلاف بڑے پیمانے پر انٹیلے جنس آپریشن پہلے ہی جاری ہے۔ تاہم فوجی آپریشن اسی صورت میں کریں گے جب یہ اندازہ ہوگا کہ عسکری طریقے سے کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.