5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
حماس رہنما کے قتل میں امریکی کمپنیوں کے فنڈز استعمال ہونے کا انکشاف
جنگ نیوز -
واشنگٹن…سی ایم ڈی…ایک امریکی اخبار ’وال اسٹریٹ جرنل‘نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ حماس رہنما محمود المبحوہ کے قتل میں استعمال ہونے والے فنڈز خفیہ طور پر دو دراز ممالک میں امریکا کے ملازمت پیشہ افراد کو پیسے منتقل کرنے والی فرم کے ذریعے استعمال کیے گئے۔ سال 2010کے اوائل میں دبئی کے ایک لگژری ہوٹل میں قتل ہونے والے حماس رہنما محمود المبحوہ کے قتل میں ملوث ہاتھ تاحال شناختی عمل میں ہے تاہم ایک 11رکنی قاتلانہ گروپ کے اس میں ملوث ہونے کے شواہد سامنے آئے جن میں ایک خاتون بھی شامل ہیں جنہوں نے بھیس بدل کر اس کاروائی میں حصہ لیا تھا۔اس گیارہ رکنی ہٹ گروپ میں چھ برطانوی،تین اطالوی، ایک جرمن اور ایک فرانسیسی پاسپورٹس کے حامل باشندے کی شمولیت سامنے آئی تھی۔دبئی پولیس کے ساتھ تحقیقات میں تعاون کرنے والے امریکی تفتیشی ٹیم کے افسران کا ماننا ہے کہ جنوری میں ہونے والے اس قتل کی کاروائی میں کئی امریکی کمپنیوں کو استعمال میں لایا گیا جنہوں نے اس قتل کے لیے فنڈز فراہم کرنے کے بنیادی شواہدات کو چھپانے کا فریضہ سر انجام دیا۔امریکی تفتیشی افسران نے تاہم اس بات کی نشاندہی نہیں کی کہ آیافنڈز فراہم کرنے والی کمپنیوں کو یہ پیشگی معلوم تھا کہ یہ فنڈز کس کام میں استعمال میں لائے جانے والے ہیں۔