5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
برطانوی وزیر اعظم سے ملاقات نہ صدرکرکے احتجاج ریکارڈ کرائیں، نوازشریف
جنگ نیوز -
مظفرآباد . . . . . . . مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان آزاد کشمیر کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کو فراموش نہ کرے، ان کا کہنا تھا کہ صدر زرداری کو قوم کی آواز سننا چاہیے اور ڈیوڈ کیمرون سے ملاقات نہ کرکے اپنا احتجاج ریکارڈ کرانا چاہیے۔وہ مظفر آباد میں سیلاب زدگان سے خطاب کررہے تھے۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ وہ ضمنی انتخابی مہم میں جاکر بھی خطاب کرسکتے تھے لیکن انہوں نے مصیبت میں گھرے کشمیریوں کے پاس آنا زیادہ مناسب سمجھا۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کا ایک بڑا حصہ اس وقت دنیا سے کٹا ہوا ہے وہ خود نیلم ویلی جاکر لوگوں کے زخموں پر مرہم رکھیں گے۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ وہ پہلے بھی سیلاب کا بحیرہ عرب تک تعاقب کرچکے ہیں اور اب بھی متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔جتنا پاکستان کے لوگوں کا ترقی پر حق ہے اتنا کشمیریوں کا بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں حکومت پنجاب اور مسلم لیگ ن کی جانب سے امدادی سامان کی پہلی کھیپ لے کر آئے ہیں اور متاثرہ علاقوں کی بحالی تک یہ سلسلہ بند نہیں ہوگا۔ نواز شریف کہنا تھا کہ حکومت پاکستان کی مقبوضہ جموں کشمیر میں پیدا صورتحال پر خاموشی افسوسناک ہے۔حکومت پاکستان کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی دہشت گردی پر خاموش نہیں رہنا چاہیے۔