5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
حملے کی صور ت میں ہاتھ پر ہاتھ دھرے نہیں بیٹھیں گے،حزب اللہ
جنگ نیوز -
بیروت ... حزب اللہ نے خبردار کیا ہے کہ اگر اسرائیل نے دوبارہ لبنان پر حملہ کیا تو ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے نہیں رہیں گے۔ اقوام متحدہ اور امریکا نے اسرائیلی اور لبنانی فوج کے درمیان سرحدی جھڑپوں کے بعد فریقین سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کردی۔بیروت میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ نے کہا کہ گزشتہ روز اسرائیلی فورسز سے جھڑپ کے دوران تنظیم کے کارکن لبنانی فوج کے شانہ بشانہ لڑنے کیلئے پوری طرح تیار تھے۔ مگر کشیدگی کو ہوا دینے سے گریز کرتے ہوئے انھیں روک دیا گیا۔ حسن نصر اللہ نے الزام لگایا کہ دو ہزار پانچ میں اُس وقت کے لبنانی وزیراعظم رفیق حریری کو قتل کرنے میں اسرائیل ملوث تھا۔ اور اِس بارے میں شواہد اگلے ہفتے منظر عام پر لائے جائیں گے۔ اسرائیل اور لبنان کی فورسز کے درمیان سرحدی جھڑپوں میں دو لبنانی فوجی اور ایک لبنانی صحافی شہید۔ جبکہ ایک سینئر اسرائیلی فوجی افسر ہلاک ہوا۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے جھڑپوں پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے اسرائیل اور لبنان سے کہا ہے کہ وہ مزید کشیدگی بڑھانے سے گریز کریں۔ امریکا نے فریقین سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے بتایا کہ دونوں حکومتوں سے رابطے میں ہیں اور تنازع حل کرنے کیلئے اقوام متحدہ کے زیرِ اہتمام اسرائیل اور لبنان کے درمیان باقاعدہ مذاکرات آج متوقع ہیں۔