5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
میانوالی ،انتظامیہ نے جعلی میڈیکل کیمپ بنا کر وزیراعظم کو ماموں بنادیا
جنگ نیوز -
میانوالی…وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کی میانوالی میں آمد پر مقامی انتظامیہ کی پھرتی کا انوکھا مظاہرہ اس وقت دیکھنے میں آیا جب ایک سکول میں ہنگامی طور میڈیکل ریلیف کیمپ لگا کر چند افراد کو مریض بنا کر لٹا دیا گیا، وزیر اعظم کویہ تاثر دیا گیا کہ یہ کیمپ پہلے سے قائم ہے،وزیر اعظم کے جاتے ہی کیمپ ختم ،اور مریض وطبی عملہ بھی غائب ہوگیا۔وزیر اعظم یوسف رضاگیلانی کی میانوالی کے علاقے کچا روکڑی میں آمد سے تھوڑی دیر پہلے مقامی انتظامیہ نے کمال پھرتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک سکول میں فوری طور پر ایک وقتی میڈیکل ریلیف کیمپ لگادیا۔ انتظامیہ نے کیمپ میں چند افراد کو لاکرچارپائیوں پر لٹا دیا تاکہ وزیر اعظم کو یہ تاثردیا جاسکے کہ یہاں پہلے سے میڈیکل ریلیف کیمپ قائم ہے ۔ وزیر اعظم کشتی میں سیلاب کا جائزہ لینے کے بعد اس کیمپ میں پہنچے تو وہاں موجود افراد کا ان سے یہ کہہ کرتعارف کرایا گیا کہ یہ سیلاب سے متاثرہ لوگ ہیں ۔ وزیراعظم یوسف رضاگیلانی نے ان افراد کو پانچ پانچ ہزار روپے کے امدادی چیک دیئے اور ان کی خیریت دریافت کی لیکن وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کی اسلام آباد روانگی کے فوری بعد یہ کیمپ ختم کردیا گیا ۔ اب وہاں صرف سکول تھا ،میز کرسیاں اور چارپائیاں،نہ کوئی مریض باقی رہا نہ طبی عملہ نظرآیا ۔ ایسا لگتا تھا کہ سکول میں رکھی گئی میزکرسیاں اور خالی چارپائیاں کسی اوروی وی آئی پی کی آمد پر استعمال کی جاسکتی ہیں۔