5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
پاکستان آرمی کا سیلاب زدگان کے لیے ریلیف اور ریسکیو آپریشن جاری
جنگ نیوز -
راولپنڈی ... پاکستان آرمی کا سیلاب زدگان کے لیے ریلیف اور ریسکیو آپریشن جاری ہے جبکہ پاک فضائیہ نے ڈیڑھ لاکھ پاؤنڈ وزن کا امدادی سامان متاثرہ علاقوں میں پہنچایا ہے۔ سیاسی و سماجی تنظیموں اور مختلف ملکوں کی طرف سے امدادی سامان کی تقسیم اور ریسکیو آپریشن جاری ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے متاثرین کیلئے چکلالہ، تربیلا اور ایبٹ آباد میں کنٹرول سنٹرز قائم کردئے ہیں۔ امدادی کارروائیوں میں آرمی کی سات سو بیاسی اور کل نو سو تیس بوٹس حصہ لے رہی ہیں۔ متاثرین کو بتیس ہزار سے زائد خوراک کے پیکٹس فراہم کیے گئے۔ نوشہرہ میں متاثرین کے لیے سات ہزار راشن بیگ، آٹھ سو ٹینٹس اور ساڑھے چھ سو کمبل فراہم کئے گئے۔ شمالی علاقہ جات میں ریلیف آپریشن کے لیے فوج کے آٹھ ہیلی کاپٹرز حصہ لے رہے ہیں۔ تیس کور گوجرانوالہ کی جانب سے خیبر پختونخوا کے متاثرین کے لیے دس ٹرک امدادی سامان پشاور بھیجا گیا۔کوئٹہ سے کمانڈر سدرن کمانڈ کی ہدایت پر سندھ اور جنوبی پنجاب کے لئے امدادی سامان کا طیارہ روانہ کیا گیا ہے جبکہ لاہور سے دس ٹرکوں کا پہلاقافلہ جنوبی پنجاب کیلئے روانہ کردیا گیا۔ پاک فضائیہ کے مطابق ائیرہیڈکوارٹر اسلام آباد کی طرف سے نو سو کلوگرام راشن پشاور پہنچایا گیا۔ پی اے ایف رسالپور اکیڈمی میں بارہ سو سے زائد افراد کا ریلیف کیمپ مسلسل کام کررہا ہے جبکہ رسال پور کینٹ کے ایک اسکول میں ڈھائی ہزار متاثرین کو امدادی سامان اور طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔میانوالی بیس سے بھی ہیلے کاپٹرز کے ذریعے متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان بھجوایا گیا۔ میانوالی سے ہی سات ٹرک سات سو خاندانوں میں ایک ہفتے کا راشن تقسیم کررہے ہیں۔ پشاور ائیربیس سے چار ہیلی کاپٹرز خیبر پختونخوا کے متاثرہ علاقوں میں امدادی اشیا تقسیم کررہے ہیں۔ متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان کی جانب سے ضلع رحیم یار خان، راجن پور،ڈی جی خان اور روجھان کے متاثرین کیلئے سیکڑوں ٹن راشن اور ہزاروں خیمے تقسیم کیے گئے۔وائٹ ہاؤس کے مطابق امریکا پاکستان کے ساتھ امدادی کارروائیوں میں مصروف ہے اور امریکی ہیلی کاپٹروں کے ذریعے ایک ہزار افراد کو سیلاب سے بچایا گیا ہے۔ پنجاب کے وزیراعلیٰ شہبازشریف نے رحیم یارخان سمیت جنوبی پنجاب کے دیگرعلاقوں کا دورہ کیا اور امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ سیلاب میں جاں بحق افراد کے لواحقین کوامدادی رقوم فوری ادا کی جائیں۔ اور اسے دوسرے نقصانات کے سروے سے مشروط نہ کی جائے۔ جاں بحق افراد کے کوائف پورے ہونے کے بعد ایک ہفتے کے اندر ادائیگیاں یقینی بنائی جائیں۔ وفاقی وزیر قانون بابر اعوان نے بھیرہ میں چک مراد کے ریلیف کیمپ میں سیلاب زدگان میں راشن تقسیم کیا۔ جبکہ وفاقی وزیر بہبود آبادی فردوس عاشق اعوان نے نوشہرہ میں متاثرہ علاقوں کے دورہ اور متاثرین میں اشیا کی تقسیم کیں۔