5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
کراچی کے بیشتر علاقوں اور سندھ کے کئی شہروں میں جیو نیوز پھر بند
جنگ نیوز -
کراچی . . . . . . . . غنڈہ عناصر کی جانب سے کیبل آپریٹرز کے دفتر پر حملے ،دھمکیوں اور کیبل کاٹنے کے باعث کراچی کے بیشتر علاقوں میں جیو نیوز کی نشریات ایک بار پھر بند ہوگئی ہیں۔ لاڑکانہ ، دادو، نواب شاہ اور بدین میں نشریا ت مکمل طور پر بندہیں،جبکہ حیدرآباد اور ٹھٹھہ میں نشریات جزوی طور پر معطل ہیں۔ گزشتہ چیف جسٹس آف پاکستان کے حکم پرپانچ روز سے بند جیو نیوز کی نشریات کو بعض علاقوں میں بحال کردیاگیا تھا ، تاہم غنڈہ عناصر کی جانب سے غنڈہ عناصر نے شہر کے مختلف علاقوں میں کیبل کاٹ دیے،کیبل آپریٹرزکو دھمکیاں دینے کے ساتھ مشرق سینیٹر میں ایک بڑے کیبل آپریٹرکے دفتر پر حملہ کرکے توڑ پھوڑ کی گئی اور جیو نیوز کی نشریات بند کرادی گئیں۔ کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن کے صدر خالد آرائیں نے بتایا کہ آدھی رات کو12 لڑکوں نے مشرق سینٹر میں واقع ان کے دفتر میں پہنچ کر توڑ پھوڑ کی اور دھمکیاں دیں ، جس پر نیو ٹاون تھانے میں ان کی مدعیت میں غنڈہ عناصر کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ غنڈہ عناصر کی دھمکیوں کے باعث انہوں نے جیو نیوز کی نشریات ایک بار بند کردی ہیں اور اس وقت لیاقت آباد، سولجر بازار ، طارق روڈ،محمود آباد،نیو کراچی میں نشریات بند ہیں۔خالد آرائیں کے مطابق انہوں نے پیمرا کو سکیورٹی دینے کے بارے میں لیٹر بھی لکھا تھا،پیمرا اور سی سی پی او سے اس واقعے پر سکیورٹی کے لیے کہا ہے اورسیکیورٹی مہیا کیے جانے کے بعد کیبل دوبارہ بحال کردیا جائیگا۔دوسری جانب چیئر مین پیمرا ملک مشتاق نے کہا ہے کہ کیبل آپریٹرز پر حملے میں حکومت نہیں غنڈہ عناصر ملوث ہے۔ مشرق سینٹر میں کیبل آپریٹر کے دفتر کے دورے کے موقع جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جیو نیوز کی بندش غنڈہ عناصر کی ہی کارروائی ہے، نشریات بند کرانے میں حکومت کا کوئی تعلق نہیں ۔چیئر مین پیمرا کے مطابق انہو ں نے جیو نیوز کی نشریات فوری بحال کرنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ کیبل آپریٹرز کی سکیورٹی کیلئے وہ چیف سیکرٹری سندھ اور سی سی پی او کراچی سے بھی ملاقات کرینگے۔