5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
بلوچستان : سیلاب سے جھٹ پٹ،صحبت پور اور ڈیرہ الہ یار میں نقصان
جنگ نیوز -
اوستہ محمد کو خالی کرنے کا حکم
نصیر آباد…کمشنرنصیر آباد ڈویژن شیرخان بازئی نے کہا ہے کہ نصیرآباد میں سیلابی پانی سے صحبت پور،ڈیرہ الہ یار، منجھوشوری، بابا کوٹ، چتھر تحصیلیں سب سے زیادہ متاثرہ ہوئی ہیں، یہ بات انہوں نے نصیرآباد سے ٹیلی فون پر جیونیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔۔انہوں نے کہا کہ ڈیرہ اللہ یاراور دیگر علاقوں میں سیلاب میں پھنسے لوگوں کو نکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے جس کیلئے ہیلی سروس سے بھی مدد لی جارہی ہے انہوں نے بتایا کہ سیلاب میں پھنسے ہوئے تقریبا ایک ہزار افراد کونکال لیا گیا ہے۔کمشنر نصیرآباد نے بتایا کہ نصیر آباد ڈویژن میں تقریبا 5ہزار کے قریب آبادیاں سیلابی پانی سے متاثر ہوئیں جبکہ سیلاب سے متعلق واقعات میں 10اموات رپورٹ ہوئیں ہیں۔ادھر جعفرآباد کے ضلعی ہیڈکوارٹرڈیرہ الہ یارمکمل طورپرزیرآب آنے کے بعد سیلابی ریلے نے اوستہ محمد اور گنداخا کا رخ کرلیا ہے۔ اور شہریوں کو شہر خالی کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔ ڈیرہ الہ یار سے متاثرین کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کے لئے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ڈی سی او جعفرآباد سعید جمالی کے مطابق ضلعی ہیڈ کوارٹر ڈیرہ الہ یار میں تباہی کے بعد سیلاب تیزی سے تحصیل اوستہ محمد اور گنداخہ کی جانب بڑھ رہاہے اور لوگوں کو نقل مکانی کی ہدایت کردی گئی ہے۔ تحصیل جھٹ پٹ مکمل طورپر ڈوب گئی ہے جبکہ صحبت پور پہلے ہی ڈوپ چکاتھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈیرہ الہ یاربائی پاس پر 12فٹ پانی کھڑا ہے۔ ڈی سی او کے مطابق گذشتہ روز جیکب آباد کا سیلابی ریلا داخل ہونے اور کینال میں 200 فٹ چوڑا شگاف پڑنے سے سیلابی ریلے نے جعفر آباد کے ضلعی ہیڈ کوارٹر ڈیرہ الہ یار شہر میں شدیدتباہی مچادی تھی۔ جس کے بعد اب تک دو لاکھ افراد کو ریسکیو کیا جاچکا ہے۔