5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
شہدادکوٹ میں سیلابی ریلے کا دباؤ حفاظتی بند پربرقرار
جنگ نیوز -
شہدادکوٹ . . . شہدادکوٹ میں سیلابی ریلے کا حفاظتی بند پر دباؤ برقرار ہے ۔سیلابی ریلا گوٹھ چاکیانی کی طرف تیزی سے بڑھ رہاہے۔ادھر لاڑکانہ کے عاقل لوپ بند پر کٹاؤ کے سبب60 فٹ حصے کی مٹی دریا میں بہہ گئی ہے ۔ڈی سی او قمبر یاسین شر نے شہداد کوٹ کے مکینوں کو آخری وارننگ دیتے ہوئے شہرمکمل طور پر خالی کرنے کی ہدایت کی ہے۔سیلاب کے پیش نظر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شہدادکوٹ، امام بخش جمالی ، قبوسعید خان، سجاول اور سنجر بھٹی کے تھانوں میں زیرتفتیش ملزمان، اسلحہ اور ضروری رکارڈمحفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیاہے۔ضلع ٹھٹھہ میں بند منارکی ،سورجانی اور سونڈاہلایا بندوں کے پشتوں پرسیلابی ریلے کا دباؤ شدید ہوگیا ہے۔ پاک فوج ، رینجرزاور ضلعی انتظامیہ نے ایک لاکھ سے زائد متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا ہے۔سیلابی ریلا تیزی سے اپنی آخری منزل بحیرہ عرب کی طرف بڑھ رہا ہے۔ادھرجیکب آباد کا زمینی رابطہ آج10 ویں روز بھی منقطع ہے۔نواب شاہ میں دریائے سندھ کے حفاظتی پشتوں اور دادوموروپل کے مقام پر سیلابی ریلے کا دباؤ گذشتہ تین روز سے برقرار ہے۔دوسری طرف منچھر جھیل میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہورہی ہے۔