5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
انڈسٹری اور زرعی قرض کی وصولی میں رعایت کا مطالبہ
جنگ نیوز -
کراچی . . . ملک کے بڑے بینکوں نے سیلاب کی تباہ کاریوں سے زرعی زمینوں کو ریلیف دینے کے ساتھ ساتھ متاثر ہونے والی انڈسٹریز کو بھی قرض کی وصولی میں رعایت دینے کا مطالبہ کردیا۔ایک بڑے بینک کے سربراہ نے جیو نیوز کو بتایا کہ گذشتہ ہفتے قائم مقام گورنر اسٹیٹ بینک یاسین انور کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں بینکوں کے سربراہان نے اسٹیٹ بینک کو خبردار کیا ہے کہ ملک میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے اثرات زرعی شعبے کے علاوہ ملک کی انڈسٹری کو بھی پہنچنے کا اندیشہ ہے۔ اجلاس میں بینکوں کے سربراہان نے اسٹیٹ بینک کو سفارشات دیں کہ وہ سیلاب کی تباہ کاریوں کے لیے جو ریلیف پیکیج بنارہے ہیں اس میں زرعی شعبے کے علاوہ انڈسٹریز کو بھی شامل کریں کیوں کہ اس کے منفی اثرات ملک کی صنعتی پیداوار کو بھی متاثر کریں گے۔اجلاس میں سیلاب کی تباہ کاریوں سے لائیو اسٹاک، ہوٹل انڈسٹری، چمڑے کی صنعت، پولٹری کی صنعت، ٹیکسٹائل سمیت دیگر شعبوں پر اثرات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ توقع ہے کہ اسٹیٹ بینک جلد ہی سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لیے ریلیف پیکیج کا اعلان کرے گا جس کے لیے بینکوں سے مشاورت مکمل کرلی گئی ہے۔