5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
بدترین سیلاب نے ملکی معیشت کو بہت پیچھے دھکیل دیا ،وزیراعلیٰ پنجاب
جنگ نیوز -
جھنگ....وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیلاب سے پنجاب کے9 اضلاع متاثر ہوئے ہیں اور تاریخ کے بدترین سیلاب نے ملکی معیشت کو بہت پیچھے دھکیل دیا ہے۔وہ ضلع جھنگ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں متاثرین سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع جھنگ کے393 دیہات زیرآب آئے ہیں اور2 لاکھ ایکڑسے زائد اراضی متاثر ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلابی پانی اترنے کے بعد سب سے بڑا چیلنج وبائی امراض پر قابو پانا ہے اور اس کے لیے متاثرہ علاقوں میں بنیادی مراکز صحت اور موبائل ڈسپنسریاں قائم کی جارہی ہیں۔ شہباز شریف نے متاثرہ علاقوں کے زمینداروں کو یقین دہانی کرائی کہ آئندہ ستمبر اور اکتوبر میں گندم اور دیگر فصلوں کی کاشت کیلئے بیج،کھاد اور دیگر زرعی مشینری فراہم کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ وہ متاثرین سیلاب کی مدد کیلئے سماجی کارکنوں ،حکومتی اداروں ، مخیر حضرات اور افواج پاکستان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔