5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
سیالکوٹ : وحشیانہ قتل کی تحقیقات کرنیوالے ڈاکٹر آپس میں لڑپڑے
جنگ نیوز -
سیالکوٹ …سیالکوٹ میں دوبھائیوں کے وحشیانہ قتل میں ملوث ریسکیواہلکاروں کی انکوائری کرنے والے دوڈاکٹرآپس میں گتھم گتھا ہوگئے جبکہ ایک ڈاکٹر نے دوسے کی ناک کی ہڈی توڑدی۔جیونیوزپر خبر نشرہونے کے بعد ہوم سیکرٹری پنجاب نے دونوں کو معطل کردیا۔ریسکیوذرائع نے جیونیوزکے نمائندے محمد عاصم نصیر کوبتایاکہ سیالکوٹ واقعہ کی تحقیقات کیلئے پنجاب ایمرجنسی کی چاررکنی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جس میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی افسر گوجرانوالہ ڈاکٹر نعیم مختار،ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس ڈاکٹراسماعیل ،ایمرجنسی افسر گوجرانوالہ محمدایاز اورایمرجنسی افسر لاہور عامر بلوچ شامل تھے۔ذرائع کا کہناہے کہ ڈاکٹر اسماعیل وحشیانہ تشدد میں ملوث ریسکیو اہلکاروں کیخلاف کارروائی کرناچاہتے تھے جبکہ ڈاکٹرنعیم اپنے اہلکاروں کو بچاناچاہتے تھے جس پر دونوں میں ہاتھاپائی ہوئی۔ڈاکٹر نعیم نے مختار نے ڈاکٹراسماعیل کی ناک کی ہڈی توڑ دی،جس پر ڈاکٹراسماعیل کوسول اسپتال منتقل کردیاگیا لیکن جیونیوزکی ٹیم پہنچنے پر ڈاکٹر اسماعیل نے اپنا موقف دینے سے گریز کیا اوراپنی گاڑی میں بیٹھ کر وہاں سے چلے گئے ۔دوسری جانب جیونیوزپردونوں ڈاکٹروں کی خبر نشرہونے کے بعد ہوم سیکرٹری پنجاب نے دونوں کی معطلی کے احکامات جاری کردیئے۔