5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
امدادی آپریشن بہتر ہونے سے انسانی جانیں کم ضائع ہوئیں،قائم علی شاہ
جنگ نیوز -
کراچی . . . وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ گزشتہ پندرہ برسوں کے دوران حفاظتی پشتوں کے لئے خطیر رقم مختص کئے جانے کے باوجود ان کی مرمت نہیں کی گئی۔ تاہم امدادی آپریشن بہتر ہونے کی وجہ سے انسانی جانیں کم ضائع ہوئیں۔ انہوں نے یہ بات گورنر ہاؤس کراچی میں ہونے والے ایک اجلاس کے دوران کہی۔ اجلاس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان، صوبائی وزراڈاکٹر ذوالفقار مرزا، رضا ہارون، ڈاکٹر صغیر احمد سمیت آئی جی سندھ، ہوم سیکریٹری اور تاجر تنظیموں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔جبکہ پاک آرمی، نیوی ائرفورس کے علاوہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے نمائندوں نے سیلاب کی صورتحال اورامدادی کاموں پربریفنگ دی۔ وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھاکہ صوبے میں سیلابی پانی سے گنے، کپاس اور چاول کی فصلیں تباہ ہوئی ہیں جبکہ لاکھوں مویشی بھی ہلاک ہو گئے تاہم ریسکیو آپریشن بہتر ہونے سے انسانی جانیں کم ضائع ہوئیں۔گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کا کہنا تھا کہ تاجروں، صنعت کاروں سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی کے افراد سیلاب سے متاثرہ بہن بھائیوں کی مدد کے لئے آگے آئیں۔