5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
سیلاب زدہ علاقوں میں وبائی امراض سے بچاوٴ کیلئے اقدامات کی ہدایت
جنگ نیوز -
اسلام آباد . . . وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے صوبائی حکومتوں اور متعلقہ اداروں کو ہدایات دی ہیں کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض سے بچاؤ کو یقینی بنانے کے لئے تمام وسائل استعمال میں لائے جائیں۔ وزیر اعظم کی زیر صدارت وزیر اعظم سیکرٹریٹ میں متاثرہ علاقوں میں صحت کے مسائل اور وبائی امراض سے متعلق تحفظات بارے اجلاس ہوا۔اجلاس میں وفاقی وزارت صحت کے حکام،صوبائی حکومتوں کے نمائندے،این ڈی ایم اے،اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں کے نمائندے موجود تھے۔اجلاس میں وبائی امراض کے پھیلاؤ کو روکنے،اس سے بچاؤ اور متاثرین کو طبی امداد کی فراہمی کاجائزہ لیا گیا۔اس دوران متعلقہ ادروں کے درمیان روابط اور منصوبہ بندی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر اعظم نے کہا کہ متاثڑین کو ترجیحی بنیادوں پر طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور وبائی امراض سے بچاؤ کے لیے متاثرہ افراد خصوصاً بچوں کی ویکسینیشن کو بھی یقینی بنایا جائے۔