تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45

دنیا تنقید کے بجائے آگے بڑھ کر سیلاب زدگان کی مدد کرے،گوندل

جنگ نیوز -
برلن . . . رضا چوہدری . . . تنقید سے بھوکا پیٹ نہیں بھرتا عالمی برادری اس وقت پاکستان پر تنقید کے بجائے آگے بڑھ کر مدد کرے۔ جرمنی کے انگلش زبان میں سب سے بڑے آن لائن اخبار دی لوکل کو انٹرویو دیتے ہوئے پاکستان جرمن کونسل فار کلچر اینڈ ڈیموکریسی کے صدر شاہد ریاض گوندل نے کہا کہ سیلاب کے آغاز میں پورے یورپ نے سیلاب زدگان کی مدد کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس کی، اس کی کئی ایک وجوہات ہیں جن میں سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ تما م یورپیئن پاکستان کے بارے میں کئی قسم کے تحفظات رکھتے ہیں اور وہ شروع میں انسانی المیے کو پاکستان کی سیاسی صورتِ حال سے الگ کرکے دیکھنے میں ناکام رہے۔ یورپ نے دوسری دنیا کی طرح سیلاب سے ہونے والی تباہی کاغلط اندازہ لگایا۔ پچھلے ایک ہفتہ سے یورپین میڈیا نے دیر سے ہی سہی بڑی لگن اور جذبے کے ساتھ سیلاب سے متاثر ہونے والے پاکستانی بچوں ، عورتوں اور مردوں کے آلام و مصائب ان کی مشکلات اور تباہی کو اپنے عوام تک پہنچایا ہے۔ ان کاوشوں کے فوری نتائج بھی برآمد ہوئے ہیں ۔پچھلے ایک ہفتے میں سولہ ملین یوروکے عطیا ت صرف جرمنی کی مختلف تنظیموں کے پاس جمع ہوئے ہیں، جبکہ مجموعی طور پر اب تک تیس ملین یورو کے عطیات جمع ہوئے۔ شاہدر یاض گوندل نے کہا کہ تاریخ میں بعض اوقات ایسا بھی ہوا ہے کہ قومیں آفات اور تباہی کے بعد پہلے سے بھی زیادہ طاقت اور استقامت کے ساتھ ابھر ی ہیں۔ ہمارے پاس بھی یہ موقع ہے، لیکن یہ صرف اسی وقت ممکن ہے جب قوم ہاتھ میں ہاتھ ڈال کر کاندھے سے کاندھا ملا کر مظبوط دیوار کی طرح مشکلات کا مقابلہ کرے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان جرمن کونسل نے فوری، کارگر اور شفاف طریقے سے امداد پاکستان پہنچانے کے لیے بذات خود عطیات جمع کرنے کی بجائے جرمن امدادی تنظیموں کے ایک اتحاد" ایکش ڈچ لینڈ ہلفٹ" کو سپورٹ کرنے اور عطیات دینے کافیصلہ کیا ۔ اس اتحاد میں شامل تنظیمیں پہلے سے پاکستان میں موجود ہیں اور اب تک لاکھوں سیلاب زدگا ن کوکھانا ، دوائیاں اور شیلٹر فراہم کررہی ہیں۔ یہ امداد ی کاموں میں نمایاں کارکردگی اور شفاف ریکارڈ رکھتی ہیں ۔ شاہد گوندل نے کہا کہ یہ وقت ایک دوسرے پر تنقید کا نہیں اور نہ ہی صرف تنقید سے بھوکے بچے کا پیٹ بھرتا ہے۔ انھوں نے یورپیئن اور پاکستانی بھائیوں پر زور دیا کہ سیلاب زدگان کے لیے عطیات ان تنظیمیوں کو دیں جن پر انہیں یقین اور اعتماد ہے۔ انھوں نے جرمنی میں مقیم پاکستانی بھائیوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے موبائل فون پرPAKکا لفظ لکھ کر 81190پر ایس ایم ایس کریں،ایک ایس ایم ایس سے ’ایکش ڈچ لینڈ ہلفٹ‘ کے سیلاب زدگان کے لیے فنڈ میں پانچ یور و کا عطیہ جمع ہوگا۔ انھوں نے اپیل کی کہ زیادہ سے زیادہ ایس ایم ایس کریں اور مصیبت میں گھر ے اپنے بہن اور بھائیوں کی مدد کریں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.