5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
ملاکا تیار بند پر اونچے درجے کا سیلاب، مختلف مقامات سے رساؤ
جنگ نیوز -
حیدرآباد . . . . . . . کیر تھر کینال پڑنے والے شگاف کے باعث گاؤں شیراپور بھی زیر آب آگیا ہے۔جبکہ کوٹری بیراج پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے۔کیرتھر کینال میں شیراں پور گاؤں کے مقام پر شگاف پڑا جو اب تک سو فٹ چوڑا ہوچکا ہے۔ کینال سے خارج ہونے والے پانی سے گاؤں شیراپور سمیت 25 سے زائد دیہات زیر آب آچکے ہیں۔ سیلابی ریلا تیزی سے شکارپور اور رتوڈیرو کی جانب بڑھ رہا ہے جبکہ آبپاشی عملے کی جانب سے سیلابی ریلے کا رخ شہداد کوٹ میں موجود سیلابی ریلے کی طرف کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ سنگین صورتحال کے باعث ضلعی انتظامیہ نے رتوڈیرو اور ملحقہ علاقوں کے شہریوں کو الرٹ رہنے کی وارننگ جاری کردی ہے۔ لاڑکانہ میں عاقل آگانی لوپ بند پر پانی کا شدید دباؤ برقرار ہے۔شہدادکوٹ میں سیلابی ریلے کے باعث قبو سعید خان ، گوٹھ عبدالجلیل بروہی، محمد بخش کھوسو سمیت ملحقہ دیہات میں سیلابی پانی میں گھرے سو افراد کو محفوظ مقامات پر پہنچایا گیا ہے۔ضلع ٹھٹھہ میں شدید طوفانی ہواؤں کے باعث سورجانی، منارکی اور باؤپورانداس بندوں کے پشتوں پر سیلابی ریلے کا شدید دباؤ ہے۔ سورجانی بند کے ساڑھے چار کلومیٹر طویل ٹکڑے میں تیزی سے کٹاؤ جاری ہے۔ ان پشتوں کو مضبوط کرنے کیلئے پاک فوج اور پاک بحریہ کی جانب سے امدادی کاروائیاں جاری ہیں۔ ادھر کوٹری بیراج کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے،جس کے باعث حاجی پور بند، کوٹری بچاؤ بند ، ملا کاتیار بند پر بھی پانی کا رساؤ ہورہاہے۔ جس کو بند کرنے کیلئے انتظامیہ کوششیں کر رہی ہے۔ ملا کاتیار بند پر انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کے پیش نظر ملا کاتیار شہر سمیت نواحی دیہات سے لوگوں کی نقل مکانی شروع ہوگئی ہے۔مقامی لوگوں کا اندیشہ ہے کہ ایری گیشن حکام بند میں شگاف لگانا چاہتے ہیں جس سے دیگر علاقے زیر آب آسکتے ہیں۔نوابشاہ کے قریب دریائے سندھ میں مڈمنگلی، میکارو ڈھورو، لاکھاٹ، بچل پور بندوں پر اونچے درجے کا سیلاب ہے۔