5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
عالمی مارکیٹ میں یوریا کھاد کی قیمت800 ڈالر فی ٹن ہو گئی
جنگ نیوز -
کراچی…بین الاقوامی مارکیٹ میں یوریا کھاد کی قیمت800 ڈالر فی ٹن تک پہنچ گئی،پاکستان سے کھاد اسمگل کی جارہی ہے جو ملک میں کمی کی وجہ بن رہی ہے۔فرٹیلائزر مینوفیکچررز کے مطابق ملک میں یوریا کھاد کی پیداوار49 لاکھ ٹن ہے جبکہ طلب56 لاکھ ٹن ہے اس طرح 7 لاکھ ٹن کم ہونے کی وجہ سے یوریا کھاد درآمد کرنی پڑتی ہے ۔حکومت نے یوریا کھاد کی فی50کلو بیگ کی قیمت580روپے کنٹرول پرائس مقرر کی ہے تاہم یہ مارکیٹ میں900 سے1000 روپے کے حساب سے فروخت ہورہا ہے جس کی بنیادی وجہ ذخیرہ اندوزی اور اسمگلنگ کے ذریعے برآمد ہے۔ دوسری جانب کھاد بنانے والے ڈی اے پی کیمیکل کی قیمت3 ہزار روپے فی بیگ تک جاپہنچی ہے۔اینگروکیمیکل کے منتظم اعلیٰ اسد عمر نے جیو نیوز کو بتایا کہ ملک میں جاری یوریا کھاد کا بحران گذشتہ23سالوں میں سب سے زیادہ شدید ہے اس لیے حکومت کواس پر قابو پانے کیلئے فوری اقدامات کرنے چاہیے۔سندھ کے ایک زمیندار نورالدین جہانگیر نے جیو نیوز کو بتایا کہ گذشتہ دنوں یوریاکھاد کا ایک کنٹینر میر پور خاص پہنچنے پر ہنگامہ آرائی اور لوٹ مار کا سلسلہ دیکھا گیا ۔نورالدین کے مطابق اس بار ملک میں چاول کی ریکارڈ فصل بوئی گئی ہے تاہم یوریا کھاد کی قلت کے باعث اس فصل کے خراب ہونے کے خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔