5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
تھائی وزیر اعظم کیخلاف احتجاج میں شدت،سرکاری ٹی وی پر قبضہ
جنگ نیوز -
بینکاک…تھائی لینڈ کے وزیراعظم سامک سنداراویج samak sundaravej کے خلاف احتجاج میں شدت آگئی۔ مشتعل افراد نے سرکاری ٹی وی پر قبضہ کرلیا اور وزیراعظم ہاؤس میں گھس گئے۔ دائیں بازو کے پیپلز الائنس فار ڈیموکریسی نے تھائی وزیراعظم کے خلاف مہم شروع کی ہوئی ہے۔ آج چھریوں، بندوقوں، اور دیگر ہتھیاروں سے لیس ہزاروں مظاہرین نے گورنمنٹ ہاؤس پر دھاوا بول دیا، جو تھائی وزیراعظم کی سرکاری رہائش گاہ ہے۔ مشتعل افراد نے نیشنل براڈ کاسٹنگ سروس کے دفتر پر حملہ کرکے سرکاری ٹی وی کی نشریات کئی گھنٹوں کے لیے معطل کردیں۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 80 افراد کو گرفتار کرلیا۔ تھائی وزیراعظم نے ملک میں ایمرجنسی لگانے سے انکار کیا ہے اور کہا ہے کہ پولیس گڑبڑ کرنے والوں کے ساتھ سختی سے پیش آئے گی۔ انہوں نے مشتعل مظاہرین سے احتجاج ختم کرنے کی اپیل کی ہے، جو ان کی حکومت کے خاتمے کے درپے ہیں۔