5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
دبئی ائیرپورٹ: ایک مہینے میں 4 ملین سے زائد مسافروں کے سفر کرنیکا ریکارڈ
جنگ نیوز -
دبئی ... دبئی کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک مہینے میں چار ملین سے زائد مسافروں نے سفر کرکے سابقہ ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ دبئی ائر پورٹ کی انتظامیہ کے اعداد وشمار کے مطابق جولائی کے مہینے میں کل چار اعشاریہ تین سات ملین مسافروں نے دبئی ہوائی اڈے سے مختلف منزلوں کی جانب سفر کیا۔ جو سنہ 2009 کی بہ نسبت 14 اعشاریہ تین فیصد زیادہ ہے۔اعداد وشمار کے مطابق دبئی ہوائی اڈے کو استعمال کرنے والے مسافروں میں سب سے زیادہ تعداد یورپی شہریوں کی رہی ہے۔ مجموعی طور پر جولائی میں یورپ کے 219 فیصد شہریوں نے دبئی ہوائی اڈے سے سفر کیا جبکہ ایشیائی ممالک کے مسافروں کی تعداد 34 فیصد، دولت مشترکہ اور روس کے 29 فیصد مسافروں نے دبئی سے سفر کیا۔مسافروں کی تعداد میں اضافے کے ساتھ ساتھ دبئی ہوائی اڈے سے بڑے پیمانے پرمال بردار جہازوں کی آمد ورفت اور سامان کی آمد وترسیل میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔ جولائی میں پچھلے سال کی نسبت 23 اعشاریہ پانچ فیصد اضافی سامان کی لوڈنگ اور ان لوڈنگ کی گئی اور مجموعی طور پر سامان کا اندازہ ایک لاکھ ستانوے ہزار آٹھ سو ٹن لگایا گیا ہے۔