5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
سیلاب زدگان کیلئے عالمی برادری کے ساڑھے 77کروڑ ڈالر امداد کے وعدے
جنگ نیوز -
اسلام آباد… بین الاقوامی برداری نے اب تک سیلاب زدگان کیلئے 77 کروڑ47 لاکھ ڈالر کی امداد فراہم کرنے کے وعدے کیے ہیں ۔ امداد دینے کیلئے زیادہ اعتماد اقوام متحدہ پر کیا گیاہے جسے39کروڑ71 لاکھ ڈالر کی یقین دہانیاں کرائی گئیں جبکہ حکومت پاکستان کو محض4کروڑ77 لاکھ ڈالر کی براہ راست امداد دینے کے وعدے کیے گئے ہیں جوعالمی امداد کا6.16 فیصد ہے۔وزارت اقتصادی امور کے مطابق25 اگست تک وعدہ کی گئی امدادی رقم میں سے اقوا م متحدہ ، امدادی اداروں اور مختلف ممالک کی جانب سے صرف13کروڑ46 لاکھ ڈالرز ہی پاکستان کو مل سکے ہیں ۔امدادی رقم کا بڑا حصہ یعنی64کروڑ ڈالر ابھی تک صرف وعدوں تک ہی محدود ہے۔ کل امدادی رقم میں سے مختلف ذرائع سے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو12کروڑ ڈالر فراہم کیے جانے ہیں جو امداد کا15.59 فیصد ہے۔ غیرملکی امدادی اداروں اور تنظیموں نے19کروڑ70 لاکھ ڈالرز دینے ہیں جو بین الاقوامی امداد کا25.44 فیصد ہے۔بین الاقوامی برادری کی اعلان کردہ امداد کا51.26 فیصد اقوام متحدہ اور اس کے ذیلی اداروں کے ذریعے پاکستان کو دیا جائیگا۔