تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45

ٹھٹھہ ،حفاظتی بندوں میں پڑنے والے شگاف کے کٹاؤمیں اضافہ

جنگ نیوز -
ٹھٹھہ ... ضلع ٹھٹھہ میں بھریا شیدی موری اور وسو بروہی کے مقام پر حفاظتی بند میں شگاف پڑنے کے بعد پانی تیزی سے شہری آبادیوں کی جانب بڑھ رہا ہے۔ سیلاب کی وارننگ کے بعد شہر سے تقریباً 70 فیصد آبادی کا انخلا ہوچکا ہے تاہم اب بھی ہزاروں لوگ شہر میں موجود ہیں۔ٹھٹھہ میں بھریا شیدی موری اور وسو بروہی کے مقام پر دریائے سندھ کے حفاظتی بند میں شگاف پڑنے کے بعد پانی تیزی سے شہر کی جانب بڑھ رہا ہے۔بھریا شیدی موری کے مقام پر پڑنے والا شگاف 70 فٹ سے زیادہ چوڑا ہوگیاہے۔ بند کے پشتے سیلابی ریلے کا دباؤ برداشت نہیں کر پارہے اورکٹاؤ کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ جبکہ شگاف کو پرکرنے کے لیے تاحال کسی قسم کے عملی اقدامات شروع نہیں کیے جاسکے ہیں۔ ڈی سی اوکی جانب سے ٹھٹھہ شہر کی تمام آبادیوں کو خالی کرنے کے لیے دو سے تین گھنٹے کا وقت دیا گیاتھا جس کے بعد شہرسے تقریباً سترفیصد آبادی محفوظ مقامات پر منتقل ہوچکی ہے۔ شہربھر میں خوف و ہراس پھیلا ہوا ہے۔ اوراب بھی شہر میں ہزاروں لوگ موجود ہیں۔ دوسری جانب ٹھٹھہ کی صورتحال پر گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مقامی انتظامیہ سے رابطہ کرکے ہدایت جاری کی ہے کہ شہریوں کو محفوظ مقامات پر پہنچانے کیلئے تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ جبکہ وزیر داخلہ سندھ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا نے ٹھٹھہ کی عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ گھبرانے کی ضرورت نہیں۔ یہ سونامی نہیں سیلاب ہے اور پانی کے ٹھٹھہ شہر تک پہنچنے میں کافی رکاوٹیں حائل ہیں۔ادھرشہدادکوٹ کے قریب سیم کینال میں سو فٹ سے زاید شگاف پڑنے کے بعد پانی شہر سے ایک کلومیٹر کے فاصلے تک پہنچ گیا ہے جبکہ شہر سے تمام افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے شہر کو سیلاب سے بچانے کے لیے بگودڑو روڈ پر ہنگامی بنیادوں پر حفاظتی بند کی تعمیر بھی جاری ہے۔ ادھر ٹوڑی بند سے آنے والے سیلابی ریلے کے باعث کیرتھر کینال میں پڑنے والا شگاف دو سو فٹ چوڑا ہو گیا ہے جس کے باعث پانی تیزی سے رتوڈیرو کی جانب بڑھ رہا ہے۔ضلع جامشورو میں سہون شریف کے قریب دریائے سندھ میں شدید طغیانی کے بعد مزید بیس دیہات پانی کے گھیرے میں آگئے ہیں اور سیکڑوں افراد پانی میں پھنسے ہوئے ہیں۔ضلع نواب شاہ میں شاہ پور جہانیاں کے قریب گچیرو حفاظتی بند پر شدید دباؤ کے باعث پانی چھلانگیں مارتا ہوا بند کے اوپر سے گزر رہا ہے۔کوٹری بچاؤ بند سمیت مٹیاری، ٹنڈومحمد خان، ملاکاتیار، حاجی پور اور بھانوٹ بچاؤ بند سے پانی کا رساؤ روکنے کے لیے مرمت کا کام جاری ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.