5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
فرح اور میں آج بھی اچھے دوست ہیں، شاہ رُخ خان
جنگ نیوز -
ممبئی …بالی ووڈ کی صفِ اول کی ہدایتکارہ فرح خان اور بالی ووڈ کنگ ،شاہ رُخ خان کے درمیان بڑھتی دوریوں اور خلیج کی خبریں کافی عرصے سے منظرِعام پر ہیں تاہم شاہ رُخ خان نے بلاآخر نے ان تمام باتوں اور افواہوں کو بے بنیاد ٹھہرادیا ۔بالی ووڈ میں کامیاب فلمیں دینے والی اس کامیاب جوڑی کے بارے میں شاہ رُخ خان کا کہنا ہے کہ وہ اور فرح آج بھی اچھے دوست ہیں اور ہماری دوستی فرح کی جانب سے کسی اور ہیرو کے انتخاب پر انحصار نہیں کرتی ہے۔کچھ عرصے قبل فرح کی جانب سے اپنی نئی فلم تیس مار خان میں اکشے کے انتخاب کے بعد یہ خبریں میڈیا کی زینت بنتی رہی ہیں کہ شاہ رُخ اور فرح خان کے بیچ اختلافات نے جگہ لے لی ہیں اور ان کی دوستی کی ڈور ٹوٹ گئی ہے جبھی فرح نے ہمیشہ کی طرح شاہ رخ کے بجائے کسی اور ہیرو کو اپنی فلم میں کاسٹ کیا ہے۔ان تمام افواہوں اور بے بنیاد خبروں کی تردید کرتے ہوئے شاہ رُخ کا کہنا ہے کہ ضروری نہیں اگر میں فرح کی فلم میں نہ موجود ہوں اور میرا ان سے مسلسل رابطہ نہ ہو تو ہم دونوں کی دوستی ختم ہوگئی ہے بلکہ میں اور فرح آج بھی اچھے دوست ہیں اور میری تمام نیک تمنائیں فرح اور ان کی آنے والی فلم تیس مار خان کی کامیابی کے ساتھ ہیں۔