تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45

سیلاب کا خدشہ، دادو اور ٹھٹھہ سے نقل مکانی جاری

جنگ نیوز -
دادو ... سیلاب کے خدشے کے باعث دادو اور ٹھٹھہ اضلاع سے لاکھوں افراد اپنی مدد آپ محفوظ مقامات کی جانب نقل مکانی کررہے ہیں جبکہ سیلابی پانی کے دباؤ سے نصیرواہ نہر کا دروازہ گرجانے کے بعد کے بی فیڈر میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور پانی اوور فلو ہوکر ٹھٹھہ شہر کی جانب بڑھ رہا ہے۔ صوبائی وزیر ثقافت سسی پلیجو کا کہنا ہے کہ ہنگامی صورتحال کے باوجود چیف انجنیئر سمیت محکمہ آبپاشی کے تمام افسران کے فون مسلسل بند ہیں۔ ضلع ٹھٹھہ میں بھریا شیدی موری اور وسو بروہی کے مقام پرحفاظتی بند میں دو بڑے شگاف پڑنے کے بعد سیلاب کی بے رحم لہریں تیزی سے ٹھٹھہ شہر کی جانب بڑھ رہی ہیں۔۔ دوسری جانب تحصیل سجاول، میرپور بٹھورو، دڑو اور بنوں کے علاوہ ان سے ملحقہ سیکڑوں دیہات بھی خالی ہوچکے ہیں۔ محکمہ آب پاشی کے مطابق کسی بھی وقت دڑو شہر زیر آب آجانے کا خدشہ ہے۔صوبائی وزیر ثقافت سسی پلیجو نے جیو نیوز سے ٹیلے فونک گفت گو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہنگامی صورتحال کے باوجود نہ توکوئی بند پر موجود ہے اور چیف انجنیئرسمیت محکمہ آبپاشی کے تمام افسران کے فون مسلسل بند ہیں۔ جبکہ دڑو کے قریب گاؤں محمد علی سوڈھو میں 6 افراد سیلبی ریلے میں بہہ گئے ہیں جن کی تلاش کے لیے انتظامیہ نے کشتیوں کا انتظام بھی نہیں کیا۔ سسی پلیجو کا کہنا تھا کہ فقیر جو گوٹھ کے قریب بھریا شیدی موری حفاظتی بند کی صورتحال انتہائی نازک ہے وزیراعلیٰ اور چیف سیکریٹری سندھ کو تمام تر صورتحال سے آگاہ کردیا ہے۔ سیلاب کے باعث ٹھٹھہ سے مکلی پہنچنے والے متاثرین نے امدادی سامان کی عدم فراہمی کے خلاف قومی شاہراہ پر دھرنا دیا جس سے ٹریفک معطل ہوگئی۔ اس دوران صوبائی وزیر داخلہ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا جو سیلاب متاثرین کے لیے کراچی سے امدادی سامان سے بھرے پانچ ٹرک لے کر جا رہے تھے۔ اس پر مشتعل متاثرین نے مکلی میں دھاوا بول دیا اور سامان لوٹ لیا۔ جبکہ ادھر شہدادکوٹ سے آنے والا سیلابی ریلہ کئی دیہات کو تہس نہس کرنے کے بعد کسی بھی وقت حمل جھیل اور ایم این وی ڈرین میں داخل ہوسکتا ہے۔تحصیل کے این شاہ، میہڑ اور جوہی کے 391 دیہات کے ہزاروں خاندان محفوظ مقامات کی جانب نقل مکانی کررہے ہیں۔ شھدادکوٹ شہر کو سیلاب سے بچانے کے لیے سیکڑوں شہری بگودڑو روڈ پر بنائے جانے والے حفاظتی بند کے کام میں شریک ہیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.