29 جون 2011
وقت اشاعت: 8:50
سپریم کورٹ میں بھٹو ریفرنس کیس کی سماعت ملتوی
آج نیوز - سپریم کورٹ میں بھٹو ریفرنس کیس کی سماعت ملتوی کر دی گئی، عدالت کا کہنا ہے کہ جولائی میں بنچ دستیاب ہوا تو سماعت کی جائے گی۔ سماعت کے دوران اٹارنی جنرل نے اپنے دلائل میں کہا ہے کہ بلیک وارنٹ کے بعد سات دن تک سزا پر عمل نہیں ہو سکتا جبکہ بھٹو کو بلیک وارنٹ کے بارہ گھنٹے کے اندر ہی پھانسی دے دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ بھٹو کو پھانسی دینے میں جلد بازی کی گئی جس پر چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا اس نکتے کو ریفرنس کے قانونی سوالات میں شامل کیا گیا ہے؟؟ چیف جسٹس نے کہا کہ عدالت صرف ان سوالات کا جواب دے گی جو ریفرنس میں اٹھائے گئے ہیں۔ چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی سربراہی میں گیارہ رکنی لارجر بنچ کے روبرو دلائل دیتے ہوئے اٹارنی جنرل مولوی انوارالحق نے کہا کہ سپریم کورٹ قرار دے چکی ہے کہ ہائیکورٹ، ٹرائل کورٹ نہیں ہے، عدالت کی ذمہ داری ہے کہ قانونی سوالات کا جائزہ لے۔ عدالت حسبہ بل میں ایسا کر چکی ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ آپ ان نکات کو نہ دہرائیں جو بابر اعوان بیان کر چکے ہیں۔ ہم آپ سے بطور اٹارنی جنرل آئینی امور پر رہنمائی چاہتے ہیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ یہ عام آدمی کا نہیں بھٹو جیسی شخصیت کا کیس ہے، پوری دنیا کی نظریں اس کیس پر لگی ہیں۔