19 جولائی 2011
وقت اشاعت: 15:30
خانیوال:مراکز صحت میں جانوروں کا بسیرا
آج نیوز - حکومت پنجاب محکمہ صحت میں انقلابی اصلاحات کا کریڈٹ لے رہی ہے لیکن خانیوال کے بنیادی مراکز صحت میں کتوں اور گدھوں کا بسیرا ہے،گاڑیوں کے پرزے نکال کر فروخت کردیئے گئے ہیں، مریضوں کا کوئی پرسان حال نہیں۔خانیوال کے تمام بنیادی مراکز صحت کی گاڑیاں ملازمین کی غفلت کے باعث ای ڈی او آفس میں بیکار کھڑی ہیں۔افسران کی عدم توجہی کے باعث معمولی مرمت ہونے والی گاڑیوں کے پرزے چوری ہوگئے ہیں۔ ٹرانسپورٹ نہ ہونے کے باعث عملہ ڈیوٹی پر جانے کو تیار نہیں ہے،جس سے بنیادی مراکز صحت پر بااثر زمینداروں نے اپنے مزارعین کو رہائش الاٹ کردی ہے۔کمروں اور برآمدوں میں کتوں ،گدھوں اور دیگر جانوروں کا بسیراہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ محکمانہ غفلت سے ان علاقوں میں علاج معالجے کا کام بند ہوچکا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیاکہ اس بات کی انکوائری کرائی جائے کہ ان مراکز کا بجٹ کہاں استعمال ہورہاہے۔