20 جولائی 2011
وقت اشاعت: 9:47
امریکا میں گرفتار ڈاکٹر غلام نبی فائی فیڈرل کورٹ میں پیش
آج نیوز - امریکا میں گرفتار ڈاکٹر غلام نبی فائی کو فیڈرل کورٹ میں پیش کردیا گیا۔ ان پر امریکا کی سلامتی کے لئے خطرے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ کشمیری امریکن کونسل کے ایگزیکٹیو ڈائرکٹر ڈاکٹر غلام نبی فائی کو گذشتہ روز امریکا کے وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی نے گرفتار کیا تھا۔ انہیں گزشتہ رات فیڈرل مجسٹریٹ کے روبرو پیش کیا گیا۔ امریکی محکمہ انصاف کی دستاویزات کے مطابق ڈاکٹر فائی پر کانگریس اور وہائٹ ہاوٴس پر اثرانداز ہونے کی خفیہ کوششوں کا الزام ہے۔ ایف بی آئی کے ایجنٹ سارہ ویب لنڈن نے عدالت کو بتایا ہے کہ ڈاکٹر فائی پانچ لاکھ سے سات لاکھ ڈالر سالانہ پاکستان سے وصول کرتے تھے۔ پراسیکیوٹر نے ایک اور شخص ظہیر احمد پر کونسل کے لئے جعلی عطیہ دینے والے افراد کو اکھٹے کرنے کا الزام عائد کیا ہے تاہم ظہیر احمد کو گرفتار نہیں کیا جاسکا۔ ظہیر احمد ان دنوں پاکستان میں ہیں۔ ڈاکٹر غلام نبی فائی کشمیری امریکن ہیں اور مقبوضہ وادی میں جدوجہد آزادی شروع ہونے کے بعد وہ امریکا منتقل ہوگئے تھے۔ باسٹھ سالہ ڈاکٹر فائی دو بچوں کے والد ہیں۔ الزام ثابت ہونے پر انہیں پانچ سال قید ہوسکتی ہے۔