20 جولائی 2011
وقت اشاعت: 11:52
چین: کرپشن کے الزام میں دو سابق میئرز کو سزائے موت
آج نیوز - چین میں کرپشن کے الزام میں دو سابق میئرز کو سزائے موت سنادی گئی۔ بیجنگ میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے سپریم پیپلز کورٹ کے ترجمان نے بتایا کہ اعلیٰ عدالت نے دونوں کیسوں کا جائزہ لینے کے بعد سزائے موت کی توثیق کردی ہے۔ مشرقی چین کے شہر ہینگ ڑو کے میئر ڑو میاونگ پر الزام ہے کہ انہوں نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے مختلف منصوبوں میں مداخلت کی اور کمپنیوں کو فائدہ پہنچایا۔ اس کے علاوہ انہوں نے مختلف افراد کو ترقیاں اور ٹیکس میں چھوٹ دی۔ ڑو نے تقریبا دو کروڑ بائیس لاکھ ڈالر رشوت لینے اور سرکاری کمپنی میں پانچ کروڑ تیس لاکھ سے زائد ڈالر کے غبن کا اعتراف کیا۔ صوبہ جیانگ ڑو میں سوڑو شہر کے نائب میئر جیانگ رینجو پر ترقیاتی منصوبوں میں پانچ کمپنیوں کو مالی فوائد پہنچانے کا الزام تھا۔ اس کے بدلے اس نے بھاری رشوت لی۔ دونوں میئرز کو ان کے متعلقہ شہروں کی عدالتوں نے سزائے موت سنائی تھی جس کی سپریم پیپلز کورٹ نے توثیق کردی۔