20 جولائی 2011
وقت اشاعت: 15:14
کے ای ایس سی کا فیلڈ آپریشنز بند کرنے کا اعلان
آج نیوز - کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی نے شہر میں تمام فیلڈ آپریشن بند کرنیکا اعلان کر دیا۔ گورنر سندھ نے کہا ہے کہ کے ای ایس سی فیلڈ آپریشن بند کرنے کی بجائے لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں کمی کرے۔ ترجمان کے ای ایس سی کا کہنا ہے کہ ہڑتالی ملازمین کمپنی کی تنصیبات کو نقصان پہنچا رہے ہیں جب کہ کام پر آنیوالے ملازمین کو بھی حراساں کیا جارہا ہے۔ حکومت جب تک انہیں تحفظ فراہم نہیں کرتی شہر میں فیلڈ آپریشن بند رہے گا۔ گورنر سندھ نے کے ای ایس سی کے اس اعلان کا نوٹس لیتے ہوئے کمپنی کے دفاتر میں سیکورٹی بڑھانے کی ہدایت جاری کردی ہیں۔گورنر سندھ کا کہنا ہے کہ کے ای ایس سی انتظامیہ فیلڈ آپریشن بند کرنے کے بجائے بجلی کی دورانیے میں کمی کرے تاکہ شہریوں کو ریلیف مل سکے۔گورنر نے مزید کہا کہ بجلی کی فراہمی کے آپریشنز میں مصروف تمام سرگرمیوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔ دوسری جانب کے ای ایس سی کے ہڑتالی ملازمین احتجاج ریکارڈ کرانے کمپنی کے ہیڈ آفس پہنچ گئے۔ ملازمین کا کہنا ہے کہ ان کے احتجاج کو پچیاسی روز گزر گئے ہیں مگر انتظامیہ ان کے مطالبات پر توجہ نہیں دے رہی۔ مطالبات کی منظوری تک وہ اپنا احتجاج جاری رکھے گی۔