21 جولائی 2011
وقت اشاعت: 10:42
عدلیہ، انتظامیہ اور مقننہ کو آئین میں رہ کر کام کرنا ہوگا، گیلانی
آج نیوز - وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ عدلیہ، انتظامیہ اور مقننہ کو آئین کے دائرہ میں رہ کر کام کرنا ہوگا۔ لندن میں پاکستان اور برطانیہ کے تاجروں اور صنعتکاروں کے ایوان سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ دو ہزار آٹھ میں جمہوریت کی بحالی کے بعد پاکستان نے طویل سفر طے کیا۔ مسائل اس وقت پیدا ہوتے ہیں جب ادارے دوسرے کی حدود میں دخل اندازی کرتے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان مشکل دور سے گذر رہا ہے۔ جمہوری حکومتوں پر ہمیشہ کرپشن کے الزامات لگتے رہے ہیں۔ لیکن ہمیں یاد رکھنا چاہئے کہ جب مارشل لاء لگتا ہے تو ملک دس سال پیچھے چلاجاتا ہے۔ وزیر اعظم نے اس موقع پر پاکستانیوں کے لئے مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ اور دوسری سہولیات کے لئے دس لاکھ پونڈ کی بھی منظوری دی۔ وزیر اعظم اس منصوبے کی خود نگرانی کریں گے۔