21 جولائی 2011
وقت اشاعت: 15:31
بلوچستان میں لاشوں کا ملنا گھناؤنا عمل ہے،لیفٹیننٹ جنرل جاوید
آج نیوز - کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹنٹ جنرل جاوید ضیاء نے کہا ہے کہ بلوچستان میں مسخ شدہ لاشوں کا ملنا مکروہ اور گھناؤنا عمل ہے۔ پاک فوج کا اس سے کوئی تعلق ہے اور نہ آرمی کی ایسی کوئی پالیسی ہے۔کوئٹہ میں یوم آزادی کی تقریبات کی مناسبت سے میڈیا کو غیر رسمی بریفنگ دیتے ہوئے جنرل جاوید ضیاء نے کہا کہ بلوچستان میں کچھ لوگ پاکستان سے ناراض ہیں اس کی وجہ یہ ہے کہ قیام پاکستان کے وقت جو خواب انہوں نے دیکھے تھے وہ پورے نہیں ہو سکے۔ اپنے غصے کے اظہار کیلئے شاید ان کے پاس کوئی اور ذریعہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم بلوچ قیادت نے دوغلی پالیسی اپنا رکھی ہے۔ ایک طرف یہ لوگ اپنے عوام کو کہتے ہیں کہ ہمیں آنے سے روکا جا رہا ہے اور دوسری طرف کہتے ہیں کہ ہم آ گئے تو نہ جانے کیا ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ لاپتہ لوگوں کا معاملہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ لوگوں کے لاپتہ ہونے اور مسخ شدہ لاشوں کے ملنے سے پاکستان کی سالمیت کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ جنرل جاوید ضیاء نے کہا کہ رمضان المبارک کے پیش نظر چوبیس جولائی سے تیس جولائی تک ہفتہ جشن آزادی منایا جائے گا اور رنگا رنگا پروگرام منعقد ہوں گے۔ یکم سے چودہ اگست تک بھی مختلف کھیلوں کا انعقاد کیا جائے گا۔