21 جولائی 2011
وقت اشاعت: 15:15
کسی کے کہنے پر حکومتیں نہیں گرا کرتیں،گیلانی
آج نیوز - وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ اختلاف رائے جمہوریت کی روح ہے مگرحکومتیں کسی کے کہنے سے نہیں گرتیں۔لندن میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ اختلاف رائے جمہوریت کی روح ہے،پاکستان میں جمہوریت کو مضبوط کیا ہے اور کرتے رہیں گے، پٹری سے نہیں اترنے دینگے۔ انہوں نے مزید کہا ملک میں بجلی کا شدید بحران ہے موجودہ حکومت نے تین سال میں تین ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل کی اورمزید دو ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں لا رہے ہیں،تھر کول منصوبے میں سندھ کو مکمل اختیار دے دیا جبکہ ایران سے گیس کے حصول پر کام جاری ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ معاشی استحکام کیلئے کراچی میں امن ضروری ہے،ان کا کہنا تھا کہ ڈرون حملوں کے خلاف پارلیمنٹ نے مشترکہ قراردادمنظورکی ہے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں اور لڑتے رہیں گے ،اس جنگ مین سب سے زیادہ نقصان پاکستان نے اٹھایا۔