22 جولائی 2011
وقت اشاعت: 7:7
امریکا نے ایبٹ آباد جیسا واقعہ نہ دہرانے کا وعدہ کیا ہے، گیلانی
آج نیوز - وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ امریکا نے ایبٹ آباد جیسا واقعہ نہ دہرانے کا وعدہ کیا ہے۔ برطانوی میڈیا کو انٹرویو میں وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ امریکی وزیر خارجہ نے ایبٹ آباد جیسا یکطرفہ آپریشن دوبارہ نہ ہونے کا وعدہ کیا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ امریکا اپنی فتوحات میں نہیں، صرف شکست میں پاکستان کو حصہ دار بنانا چاہتا ہے۔یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ مستقبل میں ایبٹ آباد آپریشن جیسا واقعہ پاکستانی عوام کو مزید امریکا مخالف بنادے گا۔ انہوں نے کہا امریکا کے پاس ایبٹ آباد آپریشن خفیہ رکھنے کی کوئی وجہ نہیں تھی۔ایک سوال کے جواب میں وزیر اعظم نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن ایبٹ آباد سانحے کی تحقیقات کررہا ہے، کسی کے پاس کوئی شواہد ہوں تو کمیشن میں پیش کرے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اپنے فوجی اڈے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔ استعمال ہونے والے اڈے کہیں اور ہیں جن کے بارے میں امریکا ہی بتاسکتا ہے۔ ڈرون حملے پاکستان کی حکمت عملی کے خلاف ہیں۔