22 جولائی 2011
وقت اشاعت: 8:27
گوئٹے مالا: خاتون کے بیڈ کے نیچے 40 فٹ گہرا گڑھا نمودار
آج نیوز - گوئٹے مالا میں ریٹائرڈ خاتون کے بیڈ کے نیچے سے چالیس فٹ گہرا گڑھا نمودار ہو گیا۔ گوئٹے مالا سٹی میں پینسٹھ سالہ اینوسینٹا پیر کو ایک زوردار دھماکے سے جاگ گئی اور دھماکے کی نوعیت جاننے کے لیے باہر نکل آئی لیکن یہ دھماکا گیس سلینڈر یا کسی اور چیز کا نہیں تھا بلکہ محترمہ کے بیڈ کے نیچے ہوا تھا جس کے نتیجے میں چالیس فٹ گہرا گڑھا پڑ گیا۔ خاتون کی خوش قسمتی دیکھئیے کہ یہ سینک ہول اس کے بیڈ کے نیچے عین چاروں پہیوں کے درمیان تھا بصورت دیگر وہ بیڈ سمیت زمین میں غائب ہو جاتیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی نیشنل ڈیزاسٹر ریلیف ایجنسی کا عملہ جائے وقوع پر پہنچا اور اب اس نے تحقیقات کے لیے معمر خاتون کے گھر ڈیرہ ڈال دیا ہے۔ گوئٹے مالا سٹی میں زمین کے اندر آتشی مواد کے باعث اس طرح کے واقعات پیش آتے رہے ہیں۔ دو ہزار سات میں ملک کے سب سے بڑے سنک ہول نے کئی گھر اور ایک ٹرک کو نگل لیا تھا اس واقعے میں تین افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ جبکہ دو ہزار دس میں تین منزلہ عمارت غائب ہو گئی تھی۔