22 جولائی 2011
وقت اشاعت: 14:39
متحدہ کا پارلیمنٹ اور سندھ اسمبلی سے واک آوٴٹ
آج نیوز - کراچی کے علاقے ملیر اور لانڈھی میں دو مسلح گروہوں کے تصادم میں بارہ افراد ہلاک اور اکیس زخمی ہوئے۔ حیدر عباس رضوی کا کہنا ہے کہ حالات خراب کرنے میں بعض وزراء کے کردار کی تحقیقات کرائی جائے۔کراچی کا علاقہ ملیرصبح چھ بجے کے قریب اچانک میدان جنگ بن گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق مختلف گاڑیوں میں سوار چالیس سے ساٹھ مسلح نقاب پوش آئے اور فائرنگ شروع کردی۔ سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف رضا ہارون نے اس حملے کا الزام دہشت گردوں پر عائد کیاہے۔سندھ کے وزیر داخلہ منظور وسان کا کہنا ہے کہ انہیں واقعہ کی اطلاع سات بجے ملی اور انہوں نے فوراً ہی متعلقہ حکام کو ہدایات دے دیں۔قومی اسمبلی میں متحدہ قومی مومنٹ کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر حیدر عباس رضوی نے حالات بگاڑنے میں بعض وزراء کے کردار کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔متحدہ قومی موومنٹ کے ارکان نے اس واقعہ پر قومی اسمبلی، سینیٹ اور سندھ اسمبلی سے علامتی واک آؤٹ بھی کیا۔