22 جولائی 2011
وقت اشاعت: 15:44
لاہور:آج نیوز کی ٹیم نے خاتون اور بچی کو بازیاب کرالیا
آج نیوز - لاہور میں قرض نہ دینے پر محلے دار نے حجام کی بیوی ، بچی اور اسکے دو عزیزوں کو قید کرلیا ہے۔ آج نیوز کی ٹیم نے تمام کو بازیاب کرالیا۔شاہدرہ ٹاؤن کے رہائشی محمد ارشد نے ایک گھر کرائے پر لیکر اسی میں ہی حجام کی چھوٹی کی دکان کھول رکھی ہے۔ محمد ارشد نے محلے دار محمود سے دس ہزار روپے قرض لیا۔ محمود کے بار بار مانگنے اور اسے پولیس کے حوالے کرنے کے خوف سے محمد ارشد رات کی تاریکی میں گھر سے بھاگ گیا جس پر محمود نے ارشد کی بیوی نسیم اور اسکی گیارہ سالہ بچی عالیہ کو گھر میں قید کرکے باہر سے تالہ لگادیا۔ آج نیوز کی ٹیم جب وہاں پر پہنچی تو تمام محلے دار اکٹھے ہوگئے۔ خاتون کا کہناتھا کہ اسکا شوہر ان کے خوف سے بھاگا ہے اور اسکی بچی اس وقت سے سہمی ہوئی تھی۔خاتون کا کہناہے کہ محمود نے اس کیساتھ ساتھ دو عزیزوں وقاص اور عنصر کو بھی پکڑ یرغمال بنایا ہوا ہے۔نسیم نے بتایا کہ وہ رو رو کر کہتی رہی کہ قرض میرے خاوند نے دیناہے ہمارا ماں بیٹی کا کیا قصور ہے لیکن کوئی ان کی بات سننے کو تیار نہیں تھا۔اہل محلہ کا کہناہے کہ انہیں نہیں علم تھا کہ ان کو قید کیا ہوا ہے انہوں نے سمجھا کہ شائد محمد ارشد اور اسکے بچے گھر چھوڑ کر چلے گئے ہیں۔ قرض دار محمود کا کہناہے کہ وہ اس وقت تک انہیں نہیں چھوڑے گا جب تک اس کے پیسے واپس نہیں کیے جاتے۔نسیم اوراسکی بچی جب محمود کی قید سے آزاد ہوئے تو ان کی آنکھوں سے آنسو نکل آئے۔اسکا کہناتھا کہ محمود نے ان کے گھر کی گیس بھی بند کردی ہے جس کی وجہ سے وہ گزشتہ چودہ گھنٹوں سے بھوکے اورپیاسے بیٹھے ہوئے ہیں۔ اہل علاقہ نے گھر کا تالہ کھلوا کر خاتون اور اسکی بچی کو باہر نکالا جس پر اس نے آج نیوز کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔