25 جولائی 2011
وقت اشاعت: 18:29
کراچی:قتل و غارت گری جاری، مزید چھ افرادہلاک
آج نیوز - کراچی میں قتل و غارت گری کا سلسلہ جاری ہے، مختلف واقعات میں مزید چھ افراد موت کی نیند سلادیئے گئے۔پرتشدد واقعات کے بعد شاہ فیصل کالونی، ملیر اور لانڈھی میں کشیدگی برقرار ہے۔ شاہ فیصل کینٹ بازار میں نامعلوم شرپسندوں نے ایمبولینس کو آگ لگادی۔ جس کے بعد متصل علاقوں میں شدید فائرنگ کی گئی۔ قائد آباد میں دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک شخص ہلاک اور ایک زخمی ہوا۔ بھٹائی کالونی کراسنگ میں واقع آمنہ میڈیکل اسٹور پر فائرنگ کرکے لیاقت نواز کو قتل کردیا گیا۔ مقتول سیاسی تنظیم کے یوتھ ونگ کا صدر تھا۔ شاہراہ نور جہاں بلال آباد کے مکان سے ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی جسے گولی مار کر قتل کیا گیا ہے۔ کلا کوٹ عثمان آباد چوکی کے قریب سے ایک شخص کی بوری بند لاش برآمد ہوئی جس کی شناخت نہ ہوسکی۔ لیاقت آباد بورے خان والی گلی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا شخص عمران اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑگیا۔ نبی بخش میں فیاض نامی نوجوان کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا مقتول سیاسی تنظیم کے یونٹ اٹھائیس کا کارکن تھا۔