27 جولائی 2011
وقت اشاعت: 5:54
کراچی: بوری بند لاشیں ملنے لگیں، مزید 13 زندگیوں کے چراغ گل
آج نیوز - کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کے ساتھ بوری بند لاشیں ملنے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ مزید تیرہ زندگیوں کے چراغ گل کردیئے گئے۔ شاہ فیصل کالونی میں پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران تین افراد کو حراست میں لے لیا۔ ناظم آباد نمبر ایک چاولہ مارکیٹ سے دو بوری بندلاشیں ملیں ہیں۔ گارڈن سے ایک جبکہ شریف آباد ریلوے پھاٹک کے قریب سے دو بوری بند لاشیں برآمد ہوئیں۔ سرجانی ٹاون کے علاقے سیکٹر دس سے تین روز پرانی لاش ملی۔ اورنگی ٹاوٴن سے ملنے والی لاش کو یعقوب عرف بابر کے نام سے شناخت کیا گیا۔ اورنگی ٹاوٴن میں فائرنگ سے دو افراد قتل ہوئے۔ مقتولین سیاسی کارکن تھے۔ اورنگی ٹاوٴن سیکٹر ون ڈی میں فائرنگ سے شاہد حسین اور دس سالہ بچی شازیہ بھی زخمی ہوئے۔ اس واقعہ کے بعد مشتعل افراد نے ایک ٹرک کو آگ لگادی۔ مواچھ گوٹھ میں ایک شخص نے فائرنگ کرکے قریبی رشتہ دار کو قتل کردیا۔ نیوکراچی الیون ڈی میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ گزشتہ روز گلستان جوہر میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے دو افراد آج دم توڑ گئے۔شاہ فیصل کالونی میں پولیس نے سرچ آپریشن کیا۔اس دوران تین مشتبہ افراد حراست میں لے لئے گئے۔