تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
27 جولائی 2011
وقت اشاعت: 9:57

پاکستان، بھارت میں تعمیری مذاکرات جاری رہنے پر اتفاق

آج نیوز - پاک بھارت وزرائے خارجہ مذاکرات میں دونوں ممالک کے درمیان تعمیری مذاکرات جاری رہنے پر اتفاق کر لیا گیا، وزیرخارجہ حنا ربانی کھر کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے۔ پاکستان اور بھارت کے وزرائے خارجہ کے درمیان نئی دلی میں ہونے والے مذاکرات ختم ہو گئے۔ مذاکرات کے بعد بھارتی وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے حنا ربانی کھر نے کہا کہ پاکستان اور بھارت ذمہ دار ممالک ہیں، دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو بہتر کیا جائے گا، حکومت اور تمام جماعتیں بھارت سے حالات سازگار رکھنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ دوستانہ تعلقات کا خواہاں ہے، بھارت سے تمام معاملات مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کی آئندہ نسلوں کے درمیان تعلقات مزید بہتر ہوں گے۔ بھارتی وزیرخارجہ ایس ایم کرشنا کا کہنا تھا کہ مستقبل میں پاکستان سے مذاکرات جاری رکھنا چاہتے ہیں، مسئلہ کشمیر پر مستقبل میں بات چیت جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات میں تمام معاملات پر گفتگو ہوئی ہے، مذاکرات میں پیش رفت سے مطمئن ہوں۔ ایس ایم کرشنا نے کہا کہ پاک بھارت تعلقات درست سمت میں جا رہے ہیں، پاکستان کے ساتھ دوستانہ اور مستحکم تعلقات چاہتے ہیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.