28 جولائی 2011
وقت اشاعت: 14:26
ایئربلیوحادثہ،رپورٹ منظرعام پر لائی جائے،شاہد خاقان عباسی
آج نیوز - ایئر بلیو کے سی ای او شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ایئربلیو حادثے کی رپورٹ منظر عام پر نہ آنے سے ابہام پیدا ہوگا۔ تحقیقاتی رپورٹ میں چھپانے کی کوئی چیز نہیں۔ رپورٹ منظر عام پر لائی جائے۔اسلام آباد میں مارگلہ طیارہ حادثہ کو ایک سال مکمل ہونے پر تعزیتی تقریب منعقد ہوئی جس میں ہلاک شدگان کے اہل خانہ نے شرکت کی، آج نیوز سے گفتگوکرتے ہوئے ایئر بلیو کے سربراہ شاہد خاقان عباسی نے بتایا ہے کہ لواحقین کوفوری طور پرساڑھے پانچ لاکھ روپے ادا کیے جب کہ حکومت کی جانب سے 5 لاکھ روپے ادا ہونے ہیں۔ شاہد خاقان عباسی نے مزید بتایا ہے کہ انشورنس کلیم کی رقم پچاس لاکھ روپے بنتی ہے۔ ساٹھ لواحقین کو ادائیگی کردی گئی ہے۔ چالیس افراد کو ادائیگی کا معاملہ پروسس میں ہے جب کہ باون افراد کے کیسز وراثت نامہ اور دیگرقانونی معاملات کی وجہ سے التواء میں ہیں۔ایک سوال کے جواب میں شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ایئربلیو کی تحقیقاتی رپورٹ کا ساڑھے آٹھ ماہ میں مکمل ہونا ایک ریکارڈ ہے۔ ملتان میں فوکر طیارے کے حادثے کی تحقیقات رپورٹ چھتیس ماہ میں مکمل ہوئی تھی۔