29 جولائی 2011
وقت اشاعت: 9:48
حج کرپشن کیس: وزیراعلی گلگت بلتستان نے حسین اصغر کو واپس آنے سے روکا، اٹارنی جنرل کا مو قف
آج نیوز - عدالت عظمٰی میں حج کرپشن کیس کی سماعت آج ہوئی،تفتیشی افسر کی واپسی اور سکریٹری اسٹیبلشمنٹ کی بحالی کے حکم پر عمل نہیں ہوسکا۔ وفاق کے نمائندے اٹارنی جنرل نے اس بارے میں عدالت کو حکومت کے موقف سے آگاہ کردیا.۔اٹارنی جنرل مولوی انوار الحق نے حج کرپشن کیس کی سماعت کے دوران عدالت عظمٰی کو بتایا ہے کہ گلگت بلتستان کے وزیر اعلٰی نے حسین اصغر کو واپس آنے سے روکا ہے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا ہے کہ ایک ایس ایر او کوآئین سے بالاتر بنادیا گیا۔سپریم کورٹ میں سماعت کے دوران اٹارنی جنرل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ وزیراعلی گلگت بلتستان نے حسین اصغر کو واپس آنے سے روک دیا ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ رحمان ملک نے راؤ شکیل کا نام ای سی ایل سے نکلوایا، راؤ شکیل کا نام پھر ای سی ایل میں ڈالنے کی ہدایت کی گئی۔ مقدمات کے باوجود وزیراعظم نے راؤ شکیل کو ڈی جی بنایا،،، چیف جسٹس نے کہا کہ پارلیمنٹ میں بھی حج کرپشن کی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا اور پرنس بندر نے بھی حج انتظامات میں کرپشن پر خط لکھا تھا ۔اطلاعات کے مطابق چیف جسٹس نے فیصلہ لکھوانا شروع کر دیا ہے اور توقع ہے یہ فیصلہ کچھ دیر بعد سنایا جائے گا۔ اٹارنی جنرل مولوی انوار الحق سہیل احمد کو او ایس ڈی بنانے سے متعلق وزیراعظم کا بیان پیش نہ کرسکے انھوں نے کہا کہ وزیراعظم کی مصروفیات کے باعث رابطہ نہیں ہوسکا۔ تاہم اٹارنی جنرل نے حسین اصغر کی واپسی سے متعلق اپنے تحریری بیان میں کہا کہ گلگت بلتستان کی حکومت نے حسین اصغر کی خدمات وفاق کو واپس کرنے سے انکار کردیا ہے اور موقف اختیار کیا ہے کہ ان کے متبادل ملنے تک وہ ایئی جی کا عہدہ نہیں چھوڑ سکتے۔ اٹارنی جنرل نے کہا کہ چیف سیکریٹری گلگت بلتستان نے فون پر بتایا کہ انھوں نے حسین اصغر کو چارج نہ چھوڑنے کا حکم دے دیا ہے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ کیا چیف سیکریٹری وفاق کا ملازم ہوکر وفاقی نوٹیفکیشن پر عمل کرنے سے کیسے انکار کرسکتا ہے۔ عدالت کے استفسار پر اٹارنی جنرل نے اعتراف کیا کہ حسین اصغر کو چارج نہ چھوڑنے کا حکم زبانی طور پر دیا گیا جو کہ درست نہیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ سادہ معاملے کو پیچیدہ بنایا جارہا ہے۔ ممکن ہے کچھ حکومتی حلقوں کو عدالتی حکم اچھا نہ لگے لیکن ناپسندیدہ ہونے کے باوجود عدالتی حکم پر عمل کرنا پڑتا ہے