1 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:30
موجودہ نظام کو پٹری سے نہیں اترنے دیں گے،گیلانی
آج نیوز - وزیراعظم گیلانی نے کہا ہے کہ اداروں کے درمیان تصادم کا کوئی خطرہ نہیں۔ حکومت سپریم کورٹ کے ہر فیصلے پرعمل کررہی ہے۔ موجودہ نظام کو پٹری سے نہیں اترنے دیں گے۔ ایم کیو ایم والے جہاں بھی بیٹھیں۔ حکومت کے ساتھ ہیں۔کراچی میں ٹیکسٹائل سٹی کی افتتاحی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے تہتر کے آئین کو متفقہ طور پر بحال کرایا۔ آئین بحال کرانے کا مقصد اداروں کا احترام کرنا تھا۔ اداروں میں تصادم کا کوئی خطرہ نہیں۔سپریم کورٹ کے ہر فیصلے پر عمل کرر ہے ہیں۔ پارلیمنٹ اور عدلیہ اپنا اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔وزیراعظم گیلانی کا کہنا ہے کہ حکومت موجودہ نظام کو پٹری سے نہیں اترنے دے گی۔ ایم کیو ایم والے جہاں بھی بیٹھیں۔ حکومت کے ساتھ ہیں۔ کراچی میں قیام امن حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ پیپلزپارٹی کی امن ریلی میں الطاف حسین کے شرکت کے اعلان پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔اس سے پہلے کراچی میں ٹیکسٹائل سٹی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بجلی کے بحران اور سیکورٹی کے خدشات نے ٹیکسٹائل صنعت کو نقصان پہنچایا ہے۔ حکومت سرمایہ کاری کے لیے ماحول ساز گار کر رہی ہے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ بین الاقوامی ٹیکسٹائل مارکیٹ میں چین ،بھارت اور بنگلہ دیش کاحصہ بڑھ گیا ہے۔ ٹیکسٹائل سٹی کے قیام سے بین الاقوامی خریداروں تک رسائی آسان ہو جائے جب کہ ہزاروں افرادکو روز گار بھی حاصل ہو گا۔