تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
2 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:53

پنجاب: ماہ صیام کے دوران حفاظتی انتظامات مزید سخت

آج نیوز - پنجاب میں ماہ صیام کے دوران پولیس نے حفاظتی انتظامات مزید سخت کردئے۔ اس مقصد کے لئے رضاکاروں کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں۔ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں صوبے بھر میں تمام مساجد اور امام بارگاہوں میں خصوصاً افطاری، نماز تراویح اور سحری کے اوقات میں پولیس اہلکارتعینات کردیئے گئے ہیں۔ لاہور میں چونتیس سو سے زائد مساجد، امام بارگاہوں پر پولیس اہلکاروں کی تعیناتی کے ساتھ ساتھ واک تھرو گیٹس بھی نصب کئے گئے ہیں۔ پولیس افسران کا کہناہے کہ اس مہینے میں امن وامان برقرار رکھنا ان کے لیے کسی چیلنج سے کم نہیں۔ ماہ مقدس کے دوران اٹھارہ سو پولیس اہلکار جامع مساجد کے باہر تعینات کئے گئے ہیں جبکہ تمام پولیس افسران اور متعلقہ تھانوں کے انچارج افطار، نماز تراویح اور سحری کے وقت متعلقہ علاقوں میں گشت کرنے کے پابند ہوں گے۔ دوسری طرف علماء کرام کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں سکیورٹی کے انتظامات صرف پولیس ہی کی ذمہ داری نہیں بلکہ ہر پاکستانی کا فرض ہے کہ وہ شرپسند عناصر کے عزائم ناکام بنانے میں اپنا حصہ بٹائے۔ اسلام، امن و سلامتی کا دین اور رمضان برکتوں اور رحمتوں کا مہینہ ہے۔ نیکیوں کے اس موسم بہار میں ماحول کو نفرتوں کی آگ سے بچا کر امن کا گہوارہ بنانا ہر پاکستانی کا اولین فرض ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.