6 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:18
کراچی :منہدم عمارت کے ملبے سے مزید پانچ لاشیں نکال لی گئیں، مرنے والوں کی تعداد اٹھارہ ہو گئی
آج نیوز - کراچی کے علاقے موسٰی لین میں منہدم ہونے والی عمارت کے ملبے سے مزید پانچ لاشیں نکال لی گئیں، ملبہ ہٹانے کا کام تیسرے دن بھی جاری ہے۔ مرنے والوں کی تعداد اٹھارہ ہو گئی ہے۔ ملبے میں اب بھی دس سے زائد افراد کے دب جانے کا خدشہ ہے۔ آرمی کی انجینئرنگ کور، شہری انتطامیہ اور دیگر ادارے امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ کسی بھی ممکنہ حادثہ سے بچنے کیلئے قریبی عمارتیں پہلے ہی خالی کرائی جاچکی ہیں۔ بے گھر ہونے والے افراد شاہ لطیف بھٹائی ہال میں لگائے امدادی کیمپ، علاقے کی مساجد، پڑوسیوں اور رشتہ داروں کے ہاں مقیم ہیں۔ جاں بحق ہونے والے پندرہ افراد میں پچیس سالہ عمران، پینتیس سالہ جعفر، پچپن سالہ خدیجہ، چھ سالہ علیشاہ، چودہ سالہ بلال، روزینہ، ساٹھ سالہ حوا بائی، پینتیس سالہ روشن، ستر سالہ رضیہ، پینسٹھ سالہ حنا، ستر سالہ اقبال، چھپن سالہ محمد جعفر، بائیس سالہ روبینہ، بائیس سالہ مہک اور سولہ سالہ حسیب شامل ہیں۔