12 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:4
کیری لوگر پیکج کے تحت سالانہ ڈیڑھ ارب ڈالر کٹوتی کی نذر
آج نیوز - امریکا کی معیشت میں سست روی کے خدشات پر پاکستان میں جاری امریکی پروجیکٹ پر منفی اثرات مرتب ہونا شروع ہوگئے، کیری لوگر پیکج کے تحت سالانہ ڈیڑھ ارب ڈالر بھی کٹوتی کی نذر ہوگئے۔ امریکا میں جاری مالیاتی بحران کے باعث پاکستان سمیت مختلف ممالک میں جاری انٹرنیشنل اسسٹینس پروجیکٹس متاثر ہونا شروع ہوگئے۔ امریکا نے دوہزار نو میں کیری لوگر بل کے تحت پاکستان کو سالانہ ڈیڑھ ارب ڈالر دینے کا اعلان کیا تھا۔ لیکن دو برس کے دوران تین ارب ڈالر میں سے صرف ڈھائی ارب ڈالر ہی دیئے گئے، جبکہ پچاس کروڑ ڈالر مالیاتی مسائل کے سبب ادا نہیں کئے گئے۔ دوہزار گیارہ کے دوران ڈیڑھ ارب ڈالر میں سے یو ایس ایڈ کو چورانوے کروڑ بہتر لاکھ ڈالر ملے۔ اور صرف ایک سال کے دوران پاکستان کے لئے پچپن کروڑ ڈالر کی کٹوتی کی گئی۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ سات ارب ڈالر کا فنڈ بھی کانگریس کی زد میں آنے کا خدشہ ہے۔ کانگریس کے دو پینل پہلے ہی پاکستان سمیت متعدد ممالک کے لئے بیرونی امداد میں بڑی کٹوتی اور سخت شرائط کی منظوری دے چکے ہیں۔