12 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:37
پنجاب: پولٹری مافیا نے روزہ داروں سے کروڑوں روپے بٹور لئے
آج نیوز - پولٹری مافیا نے پنجاب میں ایک ہفتے تک مصنوعی بحران پیدا کرکے روزہ داروں سے کروڑوں روپے بٹور لئے،لائیو سٹاک نے رمضان بازار میں چکن سیلرز کو تاحال سبسڈی نہیں دی۔ لاہور کی پرچون مارکیٹ میں زندہ مرغی کی قیمت ایک سو چھیالیس روپے فی کلو اور گوشت کی قیمت دو سو بارہ سے دو سو بیس روپے ہے۔ جبکہ حافظ آباد، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور دیگر شہروں میں گوشت کی قیمت دو سو بارہ سے دو سو تیس روپے کلو ہے۔ ہول سیلرز کے مطابق پولٹری کے نرخوں میں اضافہ با اثر افراد کی جانب سے مصنوعی قلت کے نتیجے میں تھا۔ صوبائی پرائس کمیٹیاں مزید فعال ہوں تو ریٹ مزید کم ہو سکتا ہے۔ لاہور سمیت مختلف شہروں کے سستے رمضان بازاروں میں زندہ مرغی کی قیمت ایک سو چالیس اور گوشت دو سو روپے کلو میں فروخت ہو رہا ہے،تاہم لائیو سٹاک کی جانب سے دکانداروں کو سبسڈی نہ ملنے پر غیر معیاری چکن فروخت ہونے کی شکایات سامنے آئی ہیں۔ صارفین کے مطابق پولٹری کا مصنوعی بحران ختم ہونے سے قیمتیں معمول پر آنا شروع ہوگئی ہیں۔دو ہزار نو میں مسابقتی کمیشن نے پولٹری کاروبار میں قوانین کی خلاف ورزی پر ایکشن لیا، لیکن حکومت کی عدم دلچسپی پر سفارشات پر عملدرآمد نہیں ہوا تھا۔ پولٹری کاروبار سے منسلک افراد کی رائے میں کاروبار سے اجارہ داری ختم کر کے عوام کو مزید ریلیف دیا جا سکتا ہے۔