12 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:29
جنوبی پنجاب: کھاد کا بحران، فی بوری قیمت 1800 روپے سے تجاوز
آج نیوز - جنوبی پنجاب میں کھاد کا بحران بدستور جاری ہے۔ بلیک مارکیٹ میں یوریا کھاد کی فی بوری قیمت اٹھارہ سو روپے سے تجاوز کرگئی ہے، عدم دستیابی سے فصلیں بری طرح متاثر ہورہی ہیں۔ کھاد فیکٹریوں کو گیس کی سپلائی بند ہونے سے جہاں پیداوار میں کمی ہوئی ہے وہیں ذخیرہ اندوزوں نے طلب میں اضافہ دیکھ کر مارکیٹ میں سپلائی بند کردی ہے۔کھاد کے اس بحران سے بلیک مارکیٹ میں بوری کی قیمت بارہ سو بیس روپے سے بڑھا کر اٹھارہ سو روپے کردی گئی ہے۔اس صورتحال میں کاشتکار کیلئے اپنی فصلیں بچانا مشکل ہوگیا ہے۔ رواں سیزن میں کاشتکاروں کو کپاس، دھان اور گنے کی فصل کیلئے کھاد کی اشد ضرورت ہے، فصلیں متاثر ہونے سے مجموعی پیداوار میں کمی ہوسکتی ہے۔ صوبے کی مجموعی زرعی پیداوار کا بڑا حصے دار جنوبی پنجاب ہے، حکومت کھاد کے بحران کو ختم کرنے کیلئے سنجیدہ اقدامات سے زراعت کو نقصان سے بچا سکتی ہے۔کھاد کے بحران پر قابو پاکر نہ صرف لاکھوں کسانوں کا روزگار محفوظ ہوگا بلکہ قومی پیداوار میں اضافے کو بھی یقینی بنایا جاسکتا ہے۔