12 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:53
قومی کرکٹرز آئی سی سی ایوارڈز کیلئے نامزدگی پر خوش
آج نیوز - قومی کرکٹرز مصباح الحق، محمد حفیظ اور عدنان اکمل نے آئی سی سی دو ہزار گیارہ ایوارڈز کے لئے سات پاکستانیوں کی نامزدگی کو خوش آئند قرار دیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ کہ وہ اوے کرکٹ کھیلنے کے باوجود نامزدگی کو اپنے لئے اعزاز سمجھتے ہیں۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے سال دو ہزار گیارہ کے ایوارڈز کے لئے جن ممکنہ کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا ہے، ان میں پاکستانی کپتان مصباح الحق سمیت سات پاکستانی کھلاڑی شامل ہیں۔ مصباح الحق نے کرکٹر آف دی ایئر اور ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر کے لئے نامزدگی کو پاکستان کے لئے اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے مزید محنت کا جذبہ پیدا ہو گا۔ ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر کی فہرست میں پاکستان کے محمد حفیظ اور سعید اجمل جبکہ امرجنگ پلیئر آف دی ایئر میں پاکستان کے عدنان اکمل، اظہر علی اور وہاب ریاض کو رکھا گیا ہے۔ محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ تمام کرکٹ اوے کھیل کر ایوارڈ کے لئے نامزدگی قومی کرکٹرز کی محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے جبکہ عدنان اکمل کہتے ہیں کہ انہیں ایوارڈ کے لئے نامزدگی کی امید نہ تھی، اس اعزاز پر وہ خوش ہیں اور آئندہ بھی بہتر کارکردگی دکھائیں گے۔ کرکٹرز آئی سی سی ایوارڈ کے لئے نامزدگی پر خوش ہیں، ان کا کہنا ہے کہ ایوارڈز مل جائیں تو یہ کھلاڑیوں اور ملک دونوں کے لئے اعزاز ہو گا۔