22 اگست 2011
وقت اشاعت: 10:19
گزشتہ 6 سال میں ایل پی جی فی ٹن 84 فیصد مہنگی ہو گئی
آج نیوز - گزشتہ چھ سال کے دوران ایل پی جی کی قیمت میں بے پناہ اضافہ، فی ٹن ایل پی جی چوراسی فیصد مہنگی ہوگئی۔ اعدادوشمار کے مطابق سال دوہزار پانچ میں فی ٹن ایل پی جی سترہ ہزار روپے میں دستیاب تھی جو آج ایک لاکھ چھ ہزار روپے فی ٹن ہوگئی ہے۔ گزشتہ چھ سال میں گیارہ اعشاریہ آٹھ کلوگرام کا گھریلو سلنڈر چارسو پچاس روپے سے بڑھ کرچودہ سو پچاس روپے کا ہوگیا۔ اس طرح فی کلو ایل پی جی اڑتیس روپے سے ایک سو پچاس روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔ پاکستان میں اس وقت ایل پی جی کی مقامی پیداوار یومیہ بارہ سو ٹن ہے جبکہ حکومت ماہانہ تین ہزار ٹن ایل پی جی درآمد کررہی ہے۔ سرکاری اعدادوشمار کے مطابق ڈھائی کروڑگھریلو صارفین میں سے تریسٹھ لاکھ صارفین کو سوئی سدرن اورسوئی ناردرن گیس کمپنی گیس فراہم کرتی ہے جبکہ بقیہ ماندہ کا انحصارلکڑی، ایل پی جی، ڈیزل، کوئلے یا دیگر ذرائع پر ہے۔ ایل پی جی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کیلئے ڈسٹری بیوڑٹرز، مارکیٹنگ کمپنیوں کو زمہ دار ٹھراتے ہیں۔ ڈسٹری بیوڑٹرز کے مطابق مارکیٹنگ کمپنیاں، مقامی ایل پی جی کی قیمت بھی درآمد شدہ ایل پی جی کے برابروصول کررہی ہیں۔ ڈسٹری بیوڑٹرز کی شکایت ہے کہ قیمتوں کے تعین اور اسے یقینی بنانے میں اوگرا بھی اپنا بنیادی کردار ادا نہیں کررہاہے۔